۔30 ہندوستانی گروپ کورونا وائرس ویکسین کی تیاری میں سرگرم

,

   

نئی دہلی۔ 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان میں بڑی صنعتی کمپنیوں سے لے کر انفرادی ماہرین تک تقریباً 30 گروپ کورونا وائرس سے لڑائی کیلئے ویکسین کی تیاری میں سرگرم ہیں، سائنسی مشیر اعلیٰ کے وجئے راگھون نے آج یہ بات کہی۔ انہوں نے بتایا کہ ان 30 میں سے 20 اچھی رفتار کے ساتھ کام کررہے ہیں۔ انہوں نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ انڈیا میں کووڈ۔ 19 سے لڑائی کیلئے ویکسین کی تیاری کی کوششیں جاری ہیں۔ تقریباً 30 گروپوں میں سے 20 کی پیشرفت اطمینان بخش ہے۔ انہوں نے کسی فرم یا کمپنی کا نام لئے بغیر کہا کہ بعض گروپ کلینیکل مرحلے سے قبل کے کام میں مصروف ہے اور اکتوبر تک وہ کلینیکل مرحلے تک پہنچ سکتے ہیں۔ موجودہ طور پر ویکسین نہ ہونے اور لاک ڈاؤن میں بتدریج نرمی کے ساتھ آئندہ چند ماہ میں کوئی ویکسین کی عدم دستیابی سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے راگھون نے زور دیا کہ تیزی سے ٹسٹنگ اور مثبت کیسوں کا پتہ چلانے پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔ اپنے وقت پر ویکسین بھی دستیاب ہوجائیں گے لیکن ان کے ساتھ اپنی فطری پیچیدگیاں بھی ہوں گی۔ تب آپ کیا کریں گے؟ اپنا چہرہ ڈھانکیں، اپنے ہاتھ دھویں اور ممکنہ حد تک فاصلہ برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ویکسین کی تیاری کیلئے موجودہ طور پر تقریباً 10 سال اور لگ بھگ 200 تا 300 ملین ڈالر لگتے ہیں لیکن دنیا بھر میں یہی مقصد کے ساتھ کام ہورہا ہے کہ کورونا وائرس کیلئے ویکسین کو ایک سال کیلئے تیار کرلیا جائے۔ راگھون نے کہا کہ صرف ایک ویکسین پر کام کرنے اور یہ دیکھنے کے آیا وہ 10 سالہ مدت تک کارآمد رہتی ہے، اس کے بجائے بہتر ہے کہ 100 ویکسین کی تیاری پر سرمایہ لگایا جائے چنانچہ دنیا بھر میں بیک وقت زائد از 100 ویکسینس پر سرمایہ کاری کی جارہی ہے۔ اس سارے عمل کیلئے 2 تا 3 بلین ڈالرس کی لاگت آئے گی۔