اے پی حکومت کا فیصلہ ، بی سی طبقہ کیلئے بھی تحفظات میں توسیع
حیدرآباد: آندھراپردیش حکومت نے پسماندہ طبقات کیلئے تعلیم اور روزگار میں تحفظات کو آئندہ 10 برسوں تک توسیع دی ۔ پسماندہ طبقات کے تمام ذیلی گروپس اے بی سی ڈی اور ای کیلئے عمل ہوگا جبکہ ذیلی گروپس کیلئے طئے کردہ کوٹہ میں تبدیلی نہیں ہوگی۔ حکومت نے سابق میں تحفظات کے جو احکام جاری کئے تھے ، اسکے تحت بی سی طبقہ کے تحفظات 31 مئی کو ختم ہو رہے ہیں۔ بی سی کمیشن نے اس مسئلہ کا جائزہ لیا اور مزید 10 برسوں تک تحفظات میں توسیع کی سفارش کی۔ اسپیشل چیف سکریٹری بی سی ویلفیر جی اننت رامو نے کہا کہ بی سی کمیشن کی سفارشات کے مطابق حکومت نے عمل کا فیصلہ کیا ۔ کمیشن کے مطابق تحفظات پر عمل آوری کی صورت میں پسماندہ طبقات کی ہمہ جہتی ترقی ممکن ہے۔ مسلمان بی سی ای زمرہ کے تحت آتے ہیں ، لہذا ان کے تحفظات کا انحصار سپریم کورٹ کے فیصلہ پر ہوگا جہاں 4 فیصد مسلم تحفظات کا معاملہ زیر التواء ہے۔ 10 برسوں میں جب سپریم کورٹ کا فیصلہ آئیگا اس کے مطابق عمل ہوگا ۔ فیصلہ تک مسلم تحفظات پر عمل جاری رہے گا۔ یکم جون سے بی سی طبقہ کے تمام سب گروپس کے تحفظات میں مزید 10 سال تک توسیع دی گئی ۔ بی سی کمیشن وقفہ وقفہ سے تحفظات کا جائزہ لیگا ۔