۔57 سال عبور کرنے والے افراد کو ہی آسرا پنشن

   

تلنگانہ حکومت سے رہنمایانہ خطوط کی اجرائی ، ٹی آر ایس کے منشور پر عمل کی کوشش
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : ریاستی حکومت تلنگانہ نے 57 سال عمر سے تجاوز کرجانے والے افراد کے لیے ہی ’ آسرا پنشن ‘ فراہم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس سلسلہ میں بعض رہنمایانہ خطوط بھی جاری کئے ۔ جس کی روشنی میں آسرا پنشن حاصل کرنے والے معمرین کی تعداد میں نہ صرف ریاست بھر میں بلکہ بالخصوص شہر حیدرآباد میں بھی بڑے پیمانے پر اضافہ ہونے کا قوی امکان پایا جاتا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ فی الوقت حکومت کی جانب سے 65 سال عمر مکمل کرنے والے معمرین کو ہی وظیفہ منظور کر کے فراہم کیا جارہا ہے ۔ لیکن تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے گذشتہ ماہ ریاست میں منعقدہ انتخابات کے موقعہ پر اپنے انتخابی منشور میں معمرین کے لیے وظیفہ کی مقررہ حد عمر کو 65 سال سے گھٹا کر 57 سال کرنے کا واضح تیقن دیا تھا ۔ لہذا چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے دوبارہ برسر اقتدار آنے کے ساتھ ہی ٹی آر ایس کے انتخابی منشور میں دئیے گئے اپنے تیقن کو پورا کرنے کے لیے ’ آسرا پنشن ‘ کے لیے اہل افراد کی فی الفور نشاندہی کرنے عہدیداران متعلقہ کو ضروری احکامات جاری کئے اور اسی طرح حکومت کی جانب سے آسرا پنشن کے تعلق سے ضروری رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ ووٹر شناختی کارڈ کے ذریعہ آسرا پنشن کے لیے اہل افراد کی نشاندہی کی جائے گی ۔ اضلاع میں فی الوقت 57 تا 65 سال عمر کے حامل افراد کی نشاندہی کر کے انہیں آسرا پنشن دینے کے اقدامات کریں گے ۔ ذرائع نے بتایا کہ آسرا پنشن کے لیے سالانہ دو لاکھ روپئے رکھنے والے معمر افراد اہل ہوں گے اور عمر کا تعین ووٹر شناختی کارڈ کی بنیاد پر کیا جائے گا جو عمر ووٹر شناختی کارڈ پر درج ہوگی وہ افراد آسرا پنشن کے لیے درخواست پیش کرنے کے اہل ہوں گے ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ ایسے معمر افراد جن کے بچے ( لڑکے ) سرکاری ، خانگی ، عوامی شعبہ ، آوٹ سورسنگ ، کنٹراکٹ ایمپلائز ، کنٹراکٹرس ، ڈاکٹرس اور مختلف حیثیتوں میں سیلف ایمپلائز ہونے کی صورت میں وہ آسرا پنشن کے لیے درخواست داخل کرنے کے اہل نہیں ہوں گے ۔ بتایا جاتا ہے کہ بالخصوص شہر حیدرآباد میں پائے جانے والے 16 منڈلوں میں فی الوقت 1,88,251 افراد ، وظیفہ پیرانہ سالی ، معذورین ، تنہا خاتون ، ہینڈلوم و بیڑی ورکرس کے وظائف حاصل کررہے ہیں ۔ جن میں بالخصوص 58,139 افراد پیرانہ سالی وظیفہ حاصل کررہے ہیں اور اس طرح اب وظیفہ پیرانہ سالی کے لیے حد عمر کو 65 سال سے گھٹا کر 571 سال کردینے کے نتیجہ میں صرف شہر حیدرآباد میں ہی وظیفہ پیرانہ سالی حاصل کرنے والے معمر افراد کی تعداد بڑھ کر زائد از دیڑھ لاکھ ہونے کی قوی توقع پائی جاتی ہے ۔۔