سبکدوشی کی عمر 61 سال کرنے کا بھی مطالبہ ۔ ٹی جی اوز وفد کی پے رویژن کمیشن سے نمائندگی
حیدرآباد 3 جنوری ( این ایس ایس ) تلنگانہ گزیٹیڈ آفیسرس اسوسی ایشن نے آج پے رویژن کمیشن سے خواہش کی کہ مہنگائی بھتہ کے سوا 63 فٹمنٹ کے ساتھ تنخواہوں پر نظر ثانی کو قطعیت دے ۔ سبکدوشی کی عمر کو 61 سال کیا جائے ۔ اقل ترین تنخواہ کو 24000 روپئے کیا جائے اور عہدیداروں وک ملازمین کو فوائد کی جلد اجرائی کو یقینی بنایا جائے ۔ ٹی جی اوز کے صدر نشین و رکن اسمبلی وی سرینواس گوڑ اور صدر ممتا و جنرل سکریٹری ستیہ نارائنا کی قیادت میں ٹی جی اوز کے ایک وفد نے پے رویژن کمیشن کے ساتھ تقریبا دو گھنٹوں تک فٹمنٹ اور دوسری سہولیات کی تجاویز پر تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ تنخواہوں پر نظرثانی اور نئے اسکیلس کو قطعیت دینے کا کام تیزی کے ساتھ کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ عہدیداروں میں کوئی تفاوت یا فرق رہنے نہ پائے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے پہلے ہی پیشکش کی ہے کہ ملازمین اور عہدیداروں کو بہترین سبکدوشی مراعات فراہم کی جائیں گی ۔ چیف منسٹر نے پے رویژن کمیشن بھی تشکیل دیدیا ہے تاکہ بہترین تنخواہوں کی سفارش ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کو حل کرنے کیلئے عہدیداروں کی جانب سے تعاون کیا جائیگا ۔ ٹی جی اوز وفد نے اپیل کی کہ گزیٹیڈ آفیسرس کیلئے جو مختلف محکمہ جات میں کام کرتے ہیں یکساں اسکیل مقرر کیا جائے ۔ اس کے علاوہ مختلف سطح کے ملازمین کیلئے بھی تنخواہیں یکساں ہونی چاہئیں۔ وفد نے اپنے دوسرے مطالبات میں کہا کہ کارپوریشن حدود میں 30 فیصد ایچ آر اے دیا جائے ‘ اضلاع میں 20 فیصد اور دوسری علاقوں میں 15 فیصد دیا جائے ۔ اسکے علاوہ سبکدوشی کی عمر کو 61 سال کردیا جائے جس کا چیف منسٹر نے وعدہ کیا تھا ۔