۔90 فیصد ملازمین پولیس روزانہ زائد از 8 گھنٹے کام کرتے ہیں

   

نئی دہلی۔ 5 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پارلیمنٹ کو آج مطلع کیا گیا کہ ملک بھر کے اکثر پولیس اسٹیشنوں پر متعینہ 90 فیصد پولیس اہلکار روزانہ 8 گھنٹوں سے زائد وقت تک کام کیا کرتے ہیں۔ مملکتی وزیر اُمور داخلہ ہنس رام گنگا آہیر نے اپنے تحریری جواب میں لوک سبھا میں کہا کہ حیدرآباد کے ایڈمنسٹریٹیو اسٹاف کالج کی طرف سے کئے گئے مطالعاتی جائزہ کے بعد یہ معلومات حاصل ہوئی ہیں جس کو اگست 2014ء میں بیورو آف پولیس ریسرچ ڈیولپمنٹ نے اسپانسر کیا تھا۔ مملکتی وزیر داخلہ نے کہا کہ ’’تمام ریاستوں کے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں تقریباً 90 فیصد پولیس اسٹیشن اسٹاف یومیہ 8 گھنٹے سے زیادہ وقت تک کام کیا کرتا ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ جائزہ رپورٹ کی نقل تمام ریاستوں اور مرکزی زیرانتظام علاقوں کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کو روانہ کی جاچکی ہے۔