آؤٹر رنگ روڈ ٹنڈر کی تفصیلات ریونت ریڈی کو پیش کرنے ہائی کورٹ کی ہدایت،حکام کے رویہ پر عدالت کی برہمی

   

حیدرآباد ۔28۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے آؤٹر رنگ روڈ ٹول گیٹ ٹنڈر معاملہ میں آر ٹی آئی قانون کے تحت صدرپردیش کانگریس ریونت ریڈی کو تفصیلات کی عدم فراہمی پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ ریونت ریڈی نے ایچ ایم ڈی اے کی جانب سے آر ٹی آئی کے تحت دائر کردہ درخواست پر تفصیلات جاری نہ کرنے کی شکایت کے ساتھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے ۔ ریونت ریڈی کی درخواست کی آج سماعت ہوئی ۔ ہائی کورٹ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک رکن پارلیمنٹ کی جانب سے پوچھے جانے پر تفصیلات کی عدم فراہمی کیا معنی رکھتی ہے۔ بنیادی طور پر آر ٹی آئی قانون آخر کیوں ہے؟ ہائی کورٹ نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو تفصیلات فراہم نہ کی جائیں تو وہ اسمبلی میں کیا بات کریں گے۔ ایڈوکیٹ جنرل بی ایس پرساد نے عدالت کو بتایا کہ حکومت آر ٹی آئی قانون کے تحت تفصیلات فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔ ہائی کورٹ نے اندرون دو ہفتے ریونت ریڈی کو تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے آئندہ سماعت 4 اگست کو مقرر کی ہے۔ واضح رہے کہ آؤٹر رنگ روڈ ٹنڈر معاملہ میں ریونت ریڈی نے بے قاعدگیوں کا الزام عائد کیا تھا اور ایچ ایم ڈی اے سے تفصیلات حاصل کرنے آر ٹی آئی قانون کے تحت درخواست دائر کی۔

حکام نے ٹنڈر کی تفصیلات کی اجرائی سے انکار کیا جس پر ریونت ریڈی کو ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹانا پڑا۔