حیدرآباد : /5 فبروری (سیاست نیوز) آؤٹر رنگ روڈ پر 2 گاڑیوں کے تصادم کے نتیجہ میں ایک بھیانک سڑک حادثہ پیش آیا جس میں 2 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ آج صبح نہرو آؤٹر رنگ روڈ سے تیز رفتار مرسڈیز بینز کار وہاں سے گزررہی تھی کہ ڈرائیور نے توازن کھودیا اور مخالف سمت سے آنے والی کیاپ ٹیکسی کو ٹکر دیدی ۔ ان گاڑیوں کے تصادم کے بعد دونوں کاروں میں آگ لگ گئی اور اس واقعہ میں دو افراد ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر 4 زخمی ہوگئے ۔ یہ حادثہ ضلع میڑچل ملکاجگری کے کیسرا پولیس اسٹیشن واقع رچہ کونڈہ پولیس کمشنریٹ حدود میں پیش آیا ۔ حادثہ کے بعد پولیس نے متاثرہ کاروں کو بذریعہ کرین وہاں سے ہٹایا اور زخمیوں کو بھی دواخانہ پہنچایا ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات جاری ہے ۔