آؤٹر رنگ روڈ پر ٹریفک حادثات میں کمی کیلئے ایکشن پلان

   


احتیاطی تدابیر کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس، ہر ضلع میں روڈ سیفٹی اقدامات کی ہدایت
حیدرآباد۔ تلنگانہ حکومت نے ریاست میں سڑک حادثات میں کمی کیلئے ہر ضلع کی سطح پر روڈ سیفٹی سے متعلق ایکشن پلان تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاستی حکومت نے آؤٹر رنگ روڈ پر حادثات کی روک تھام کیلئے احتیاطی تدابیر کے سلسلہ میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے فینسنگ، کراسنگ، سگنل اور دیگر اقدامات پر حکومت کو رپورٹ پیش کرے گی۔ گاڑیوں کی رفتار پر قابو پانے کیلئے امکانی طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا۔ چیف منسٹر کی ہدایت پر چیف سکریٹری سومیش کمار نے اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کرتے ہوئے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایات جاری کی۔ ٹریفک، ٹرانسپورٹ، پولیس اور میڈیکل اینڈ ہیلت محکمہ جات کے عہدیدار اجلاس میں شریک تھے جس میں ہر ضلع کی روڈ سیفٹی پر ایکشن پلان کی تیاری کا فیصلہ کیا گیا۔ چیف سکریٹری نے ایکشن پلان کے علاوہ ایمرجنسی کیئر، ایمبولنس سرویسس، دواخانے اور ٹروما کیئر سنٹرس کے قیام اور دیگر سہولتوں پر توجہ دلائی۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ایمرجنسی میڈیسن اینڈ کیئر کے سلسلہ میں ہیلت کیئر ورکرس کو نمس میں ٹریننگ کا اہتمام کیا جائے۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ ٹریننگ کیلئے ملازمین کا انتخاب کریں۔ سرکاری گاڑیوں کے ڈرائیورس کیلئے ایک روزہ ٹریننگ کے اہتمام کا فیصلہ کیا گیا تاکہ گاڑیوں کی رفتار پر قابو پایا جاسکے۔ حکومت ٹریفک حادثات اور اموات میں کمی پر توجہ مرکوز کرچکی ہے۔ آؤٹر رنگ روڈ پر گاڑیوں کی رفتار میں کمی کیلئے ANPR کیمرہ کا استعمال کیا جائے گا۔ جائزہ اجلاس میں پرنسپل سکریٹری ٹرانسپورٹ سنیل شرما، ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس جتیندر، پرنسپل سکریٹری ہوم روی گپتا، سکریٹری ہیلت سید مرتضی علی رضوی، سندیپ شنڈلیہ اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔