آئرلینڈ نے عالمی چمپئن ویسٹ انڈیز کو شکست دی

   

سینٹ جارج ۔ 16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اوپنر پال اسٹرلنگ کی جانب سے کریئر میں کھیلی جانے والی شاندار 95 رنز کی اننگز کی بدولت آئرلینڈ نے عالمی چمپئن ویسٹ انڈیز کو تین مقابلوں کی ٹوئنٹی 20 سیریز کے پہلے مقابلہ میں 4 رنز سے شکست دیتے ہوئے 1-0 کی سبقت حاصل کرلی ہے۔ اسٹرلنگ کی شاندار بیٹنگ کی بدولت آئرلینڈ نے مقررہ 20 اوورس میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 208 رنز بنائے۔ نشانہ کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے شاندار شروعات کرتے ہوئے ابتدائی 10 اوورس میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر 100 رنز بنادیئے تھے جس کے بعد آئرلینڈ کی ٹیم نے اعصاب شکن لمحات پر قابو رکھتے ہوئے مقابلہ کو آخری اوور تک پہنچایا۔ آخری اوور میں ویسٹ انڈیز کو کامیابی کیلئے 15 رنز درکار تھے لیکن مقابلہ میں 29 رنز دیکر تین وکٹ حاصل کرنے والے آل راونڈر جوش لٹل نے مطلوبہ رنز کا کامیاب دفاع کیا۔ اس اوور میں انہوں نے ڈیون براوو کی اہم وکٹ حاصل تھی۔ بعدازاں ویسٹ انڈیز کو آخری گیند پر پانچ رنز درکار تھے جس کی کوشش میں ایڈن والش نے ایک زوردار اسٹوک کھیلنے کی کوشش کی لیکن وہ گیند کو باونڈری لائن کے پار نہیں کرپائے۔ آئرلینڈ یہ بین الاقوامی کرکٹ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف صرف دوسری کامیابی ہے حالانکہ اس سے قبل کھیلی گئی ونڈے سیریز میں اسے میزبان ویسٹ انڈیز کے خلاف 3-0 کی شکست برداشت کرنی پڑی۔