آئرلینڈ کا دھماکہ ،لارڈز ٹسٹ میں انگلینڈ 85 رنز پر ڈھیر

   

لارڈس۔ 24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ٹسٹ کرکٹ میں نوزائیدہ آئرلینڈ نے کھیل کے موجد انگلینڈ کو تاریخی میدان لارڈس پر کھیلے جارہے ٹسٹ میں 85 رنز پر ڈھیر کرتے ہوئے ایک تاریخ بنائی ہے۔ انگلش ٹیم جس نے چند دن قبل ہی ونڈے کا عالمی تاج اپنے سر سجایا ہے جس کے بعد پہلی مرتبہ انگلش ٹیم مقابلہ کھیل رہی تھی جسے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کے باوجود 85 رنز پر ڈھیر ہونے کی ہزیمت برداشت کرنی پڑی۔ انگلینڈ کیلئے ڈینلی نے 28 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے 23 رنز اسکور کئے جو میزبان ٹیم کی جانب سے کسی بھی بیٹسمین کا اعظم ترین انفرادی اسکور رہا جبکہ لوور آرڈر میں سیام کرن نے 16 گیندوں میں 2 چوکوں کی مدد سے 18 رنز اور اسٹون نے 18 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے 19 رنز اسکور کئے۔ ان تین بیٹسمنوں کے علاوہ دوسرا کوئی بیٹسمین دوہرے ہندسے کو بھی عبور نہ کرسکا جبکہ ٹسٹ کریر کا آغاز کرنے والے جیسن رائے جنہوں نے ورلڈ کپ میں تقریباً ہر ٹیم کے خلاف نمایاں اسکور بنانے کے علاوہ ساتھی اوپنر جانی بیرسٹو کے ساتھ ٹیم کو پہلی وکٹ کیلئے مقابلے کے آغاز پر سنچریوں کی پارٹنرشپ فراہم کی تھی، وہ 11 گیندوں میں 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ ان کے ساتھی اوپنر بیرسٹو جو کہ ٹسٹ میں لوور آرڈر میں بیٹنگ کرتے ہیں، وہ بھی ٹیم کو نازک صورتحال سے باہر نکالنے میں کامیاب نہیں ہوئے اور 6 گیندوں کا سامنا کرنے کے باوجود کوئی رن نہیں بنا سکے۔ کپتان جیو روٹ 7 گیندوں میں صرف 2 رنز ہی بنا پائے۔ آئرلینڈ کے فاسٹ بولروں کی جوڑی مرتاغ اور آدیئر نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے انگلش ٹیم کے ٹاپ آرڈر کو پریشان کیا۔ مرتاغ نے 9 اوورس میں 13 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ آدیئر نے 32 رنز کے عوض 3 انگلش بیسٹمنوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ رینکن نے 3 اوور میں 5 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جوابی اننگز میں آئر لینڈ نے بہتر آغاز کیا۔ تادم ِ تحریر مہمان ٹیم نے 2 وکٹ پر 50 رنز اسکور کرلئے ہیں۔ آؤٹ ہونے والے بیٹسمینوں میں اوپنرس پوٹر فیلڈ (14) اور مائیک کولم (19) شامل ہیں۔