پیان کارڈ اور انکم سرٹیفکٹ کا مطالبہ غیر ضروری ، آخری تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کی درخواست
حیدرآباد ۔ 31 ۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں آئمہ و مؤذنین کو ماہانہ اعزازیہ کی اسکیم میں برقرار رہنے کے لئے دستاویزات پیش کرنے کی جو مہلت مقرر کی گئی ہے، اس میں توسیع کی ضرورت ہے۔ مساجد میں امام اور مؤذن کے طور پر خدمات کے جاری رہنے کے ثبوت کے طورپر وقف بورڈ کی جانب سے دستاویزات طلب کئے گئے ۔ بورڈ نے دستاویزات پیش کرنے کیلئے آج تک کی مہلت دی تھی۔ بیشتر آئمہ و مؤذنین درکار دستاویزات پیش کرنے سے قاصر رہے ، لہذا مہلت میں مزید ایک ماہ کی توسیع کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ آئمہ و مؤذنین کو پیان کارڈ اور انکم سرٹیفکٹ کے حصول میں دشواریوں کا سامنا ہے۔ وقف بورڈ نے دونوں دستاویزات کو لازمی قرار دیا ہے۔ پیان کارڈ اور انکم سرٹیفکٹ کیلئے جو دستاویزات داخل کی جاتی ہیں ، وہ بیشتر آئمہ و مؤذنین کے پاس موجود نہیں، لہذا وقف بورڈ کو اپنے شرائط میں نرمی کرنی چاہئے۔ آئمہ و مؤذنین کی خدمات کی برقرار کے سلسلہ میں دیگر دستاویزات پر اکتفاء کیا جائے۔ بتایاجاتا ہے کہ انڈومنٹ ڈپارٹمنٹ میں خدمات انجام دینے والے پجاریوں کے لئے بھی اس طرح کی شرائط نہیں ہیں۔ پیان کارڈ اور انکم سرٹیفکٹ کے بغیر ہی حکومت کی جانب سے تنخواہ ادا کی جارہی ہے ۔ آئمہ و مؤذنین نے وقف بورڈ کی شرائط میں نرمی اور پیان کارڈ اور انکم سرٹیفکٹ سے استثنیٰ کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ تمام مذاہب کے لئے یکساں قواعد ہونے چاہئے ۔ مساجد میں خدمات انجام دینے کے ساتھ ساتھ سرٹیفکٹ کے حصول کیلئے دفاتر کے چکر کاٹنے کا وقت آئمہ اور مؤذنین کے پاس نہیں ہے ، لہذا وقف بورڈ کو مہلت میں توسیع کے ساتھ ساتھ شرائط میں ترمیم کا اعلان کرنا چاہئے۔1