آئندہ اسمبلی انتخابات میں کڑپہ کی تمام نشستوں پرٹی ڈی پی کاقبضہ

   

آندھراپردیش کے اہم علاقہ کڑپہ میں مہاناڈو پروگرام کا آغاز۔چیف منسٹراے پی چندرا بابونائیڈو کا خطا ب

کڑپہ ۔27؍مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)کڑپہ میں آج حکمراں تلگودیشم پارٹی کامہاناڈو پروگرام کا آغازہوا جو تین دنوں تک جاری رہے گا۔صدرتلگودیشم پارٹی وچیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو نے اس تاریخی موقع پرا پنے خطاب میں کہا کہ کڑپہ کی سرزمین پر پہلی مرتبہ یہ عظیم الشان پروگرام کا انعقاد کیاگیا ہے ۔ یہ مہاناڈو ایک تاریخ رقم کرے گی ۔انہوںنے کہا کہ پارٹی کے کارکن جو پارٹی کی اصل طاقت ہیں‘جنہوںنے وائی ایس آرکانگریس پارٹی کے دور میں کافی مشکلات کاسامنا کیا‘ جھوٹے مقدمات میں قیدوبندکی صعوبتیں برداشت کیے ۔ پارٹی کارکنوں کی قربانیوںکی وجہ سے آج تلگودیشم کو اقتدار حاصل ہوا۔ پارٹی کارکنوں کی قربانیوں کو رائیگاں جانے نہیں دیا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ اس مرتبہ کے انتخابات میں ضلع کڑپہ کے 10اسمبلی حلقوں کے منجملہ 7حلقوں سے پارٹی کو تاریخی کامیابی ملی ہے ۔ آئندہ کے اسمبلی انتخابات میں ضلع کڑپہ کے تمام 10نشستوں پرتلگودیشم کے امیدواروںکو کامیاب بنانے کیلئے جدوجہد ضروری ہے ۔ انہوںنے اس موقع پر ریاست میں اپنی پدیاترا سے لے کر لویش یوواگلم یاترا تک سب واقعات پر روشنی ڈالی ۔ تلگودیشم کے قیام کامقصدیہاں کے عوام کی عزت نفس کا تحفظ اور یہاں کی ہمہ جہت ترقی ہے ۔ جس پرپارٹی عمل کرتی رہے گی۔ ریاست کے تمام علاقوں کی یکساں ترقی کا نصب العین ہے ۔ تلگودیشم کے دور میںکئی انقلابی فیصلے کیے گئے جو تاریخ کا حصہ ہیں۔ 2روپئے کلو چاول کی اسکیم ‘پٹیل پٹواری نظام کی تبدیلی پسماندہ طبقات کی ترقی کے لیے ٹھوس اقدامات ‘ برقی کی مفت سربراہی ‘کسانوںکیلئے بلا وقفہ برقی سربراہی۔ چندرا بابونائیڈونے سابق وائی ایس آر کانگریس پارٹی حکومت پرشدیدتنقیدکرتے ہوئے بتایاکہ اس کے دورمیں ریاست کی ترقی کویکسر نظرانداز کردیاگیا ۔ صرف انتقامی سیاست پرعمل کیاگیا جبکہ تلگودیشم کے دور اقتدر میں سب کو برابر کے حقوق و مواقع دئیے جارہے ہیں۔ عوام کو بدعنوانی سے پاک خدمات فراہم کی جارہی ہے ۔’ اسٹیٹ فرسٹ ‘ پارٹی کا نعرہ رہے گا۔ 2047ء تک سنہری آندھرا کا خاکہ تیارکیاگیا ہے ۔ 2047ء تک صفرناخواندگی حاصل کی جائے گی۔ غریبی ختم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کیے جائیںگے ۔ اب دولتمند‘خوشحال اور صحتمند سماج کویقینی بنایاجائے گا۔