آئندہ انتخابات میں بی جے پی کی شکست یقینی

   

ملک کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر اے پی کا بیان
حیدرآباد6 جنوری (سیاست نیوز) سینئر تلگو دیشم قائد و ڈپٹی چیف منسٹر آندھرا پردیش کے ای کرشنا مورتی نے پیش قیاسی کی کہ آئندہ پارلیمانی انتخابات کے بعد بی جے پی اقتدار سے محروم ہو گی، کیونکہ ملک کے عوام مرکز میں تبدیلی چاہتے ہیں اور بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنے کا تہیہ کرچکے ہیں۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کے ریاستی ترقی پر وائیٹ پیپر جاری کرنے کے بعد عوام کے امکانی سوالات سے خوفزدہ نریندر مودی نے آندھرا پردیش کا دورہ ملتوی کردیا اور صرف بی جے پی قائدین کے ساتھ ویڈیو کانفرنس سے خطاب پر مجبور ہوگئے ہیں۔ کرشنا مورتی نے کہا کہ پارلیمنٹ میں حقوق کے حصول کیلئے جدوجہد کرنے والے تلگو دیشم ایم پیز کوپارلیمنٹ کی کارروائی سے معطل کرنا نامناسب اقدام ہے جبکہ انہوں نے صرف قانون تقسیم ریاست کے تیقنات کو روبہ عمل لانے کا مطالبہ کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ بانی تلگودیشم این ٹی آر نے تلگو عوام کی عزت نفس کا تحفظ کرنے اور دہلی کے رویہ کے خلاف جدوجہد کی تھی۔ کرشنا مورتی نے کہا کہ آندھرا پردیش کے منصفانہ مطالبہ پر جدوجہد پر مرکزی حکومت کی جانب سے کچل ڈالنے کوشاں ہے۔ انہوں نے تلنگانہ چیف منسٹر کے سی آر کو بھی ہدف ملامت بناتے ہوئے کہا کہ وہ فیڈرل فرنٹ کے نام پر غیربی جے پی جماعتوں کے ووٹوں کی تقسیم کے ذریعہ بی جے پی کو فائدہ پہونچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ وائی ایس آر کانگریس صدر جگن موہن ریڈی پر تنقید کی اور کہا کہ انہوں نے محض اپنے کیسیس کو ختم کروالینے کے مقصد سے بی جے پی کے ساتھ دوستی کرلی ہے۔