آئندہ انتخابات میں ریونت ریڈی کو شکست دی جائے گی : پرشانت کشور

   

بہار کے عوام کی توہین کو برداشت نہیں کیا جائے گا، ٹائمس ناؤ کو انٹرویو
حیدرآباد 3 اکٹوبر (سیاست نیوز) جن سوراج پارٹی کے بانی اور انتخابی حکمت عملی کے ماہر پرشانت کشور نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو آئندہ انتخابات میں شکست دینے کا انتباہ دیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ راہول گاندھی تو کیا آپ کو کوئی بھی طاقت آئندہ انتخابات میں شکست سے محفوظ نہیں رکھ سکے گی۔ نئی دہلی میں ٹائمس ناؤ سے بات چیت کرتے ہوئے پرشانت کشور نے کہاکہ چیف منسٹر تلنگانہ نے بہار کے عوام کی توہین کی ہے۔ اب وہ انھیں سبق سکھائیں گے۔ پرشانت کشور نے کہاکہ بہار کے انتخابات میں اُن کی پارٹی مقابلہ کرے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ چیف منسٹر ریونت ریڈی سے اپنے ریمارکس واپس لینے کی اپیل کرتے ہوئے مہلت بھی دی تھی لیکن چیف منسٹر نے اِس پر کوئی ردعمل کا اظہار نہیں کیا ہے۔ اِس لئے وہ آئندہ تلنگانہ کے انتخابات میں ریونت ریڈی کی زیرقیادت کانگریس پارٹی کو شکست دیتے ہوئے حساب برابر کریں گے۔ پرشانت کشور نے کہاکہ چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی نے اِن کی پارٹی کو کامیاب بنانے کیلئے مجھ سے 3 مرتبہ ملاقات کرکے اپیل کرچکے تھے لیکن اُنھوں نے اِس معاملہ میں ریونت ریڈی کی کوئی مدد نہیں کی تھی۔ پہلی مرتبہ چیف منسٹر بننے والے ریونت ریڈی نے بہاریوں کے تعلق سے غلط ریمارکس کئے ہیں جس سے بہار کے عوام کے جذبات کو ٹھیس پہونچی ہے۔ بہار کے عوام کیا کرسکتے ہیں آئندہ انتخابات میں ریونت ریڈی کو اِس کا اندازہ ہوجائے گا۔ پرشانت کشور نے کہاکہ وہ کسی سے ڈرتے گھبراتے نہیں ہیں۔ راہول گاندھی سے بھی انھیں کوئی ڈر نہیں ہے۔ بہاری عوام کو بُرا بھلا کہنے والوں کو ہم سبق سکھائیں گے۔ ریونت ریڈی کو شکست دینے کے لئے تلنگانہ میں اپنی ساری طاقت جھونک دیں گے، انھیں راہول گاندھی بھی نہیں بچا پائیں گے۔ ہم نے انتخابات میں یا کسی اور پروگرام میں کسی ریاست کے عوام یا علاقہ کے عوام کی توہین نہیں کی ہے لیکن چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بہار کے عوام کی توہین کی ہے جس کا وہ بدلا لینا چاہتے ہیں۔2