ورنگل میں ترقیاتی کاموں کا افتتاح و جلسہ ‘ نریندر مودی کا خطاب
حیدرآباد۔8۔جولائی(سیاست نیوز) بی جے پی تلنگانہ میں ٹریلر نہیں دکھائے گی بلکہ آئندہ انتخابات میں مکمل فلم ریلیز کی جائیگی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ورنگل میں پارٹی کے جلسہ سے خطاب میں یہ بات کہی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ تلنگانہ کی ترقی کیلئے بی جے پی گذشتہ 9 سال سے کام کر رہی ہے لیکن برسراقتدار جماعت اپنے خاندان کی ترقی کیلئے سرگرم ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ تلنگانہ میں کے جتنے پراجکٹ پر کام کیا گیا ان میں کوئی ایک بھی بدعنوانیوں سے پاک نہیں ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ چیف منسٹر چندرشیکھر راؤ کو مرکز پر الزام عائد کرنے اور کوسنے کے علاوہ کوئی کام نہیں ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ 4کام کرتے ہیں پہلا مرکزی حکومت کو کوستے ہیں ‘دوسرا خود کے خاندان کو کھانے کا موقع دیتے ہیں‘ تیسرامعیشت کو تباہ کرنے والے منصوبہ تیار کرتے ہیں اور چوتھاریاست کو بدعنوانیوں کے دلدل میں غرق کرتے ہیں۔وزیر اعظم نے کانگریس کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کانگریس کی بدعنوانیاں ملک بھر میں مشہور ہیں اور بی آر ایس کی بدعنوانیوں سے تلنگانہ کے عوام واقف ہیں۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت کی بدعنوانیوں کی مرکزی ایجنسیاں تحقیقات کر رہی ہیں ۔ قبل ازیں وزیر اعظم مودی نے قاضی پیٹ میں ریلوے کوچ فیکٹری کا سنگ بنیاد رکھا اور شاہراہ کے تعمیری کا موں کا افتتاح انجام دیا ۔ انہوں نے میگا ٹیکسٹائیل پارک کا بھی سنگ بنیاد رکھا جس کے ترقیاتی کام جاری ہیں۔ وزیر اعظم کے پروگرامس میں گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن کے علاوہ مرکزی وزراء نتن گڈکری‘ جی کشن ریڈی‘ بنڈی سنجے اور دیگر موجود تھے۔وزیر اعظم کی آمد پر ورنگل میں وسیع انتظامات کئے گئے تھے اور بی جے پی جلسہ عام سے مودی کے علاوہ کئی قائدین نے مخاطب کیا۔ نریندر مودی نے آئندہ انتخابات میں بی آر ایس کو شکست دینے کی اپیل کی اور کہا کہ تلنگانہ سے بدعنوانیوں کے خاتمہ کیلئے عوام کو بی آر ایس سے چھٹکارہ حاصل کرنا چاہئے ۔م
مودی کے تلنگانہ دورہ کے خلاف فلکسی بورڈس
حیدرآباد8جولائی (یواین آئی) وزیراعظم نریندرمودی کے آج تلنگانہ کے ضلع ورنگل کے دورہ کے خلاف کئی مقامات پر فلکسی بورڈس لگائے گئے ہیں۔ان فلکسی بورڈس میں انگریزی میں تحریر کے ذریعہ پوچھا گیاکہ تلنگانہ کے لئے قبائلی یونیورسٹی کہاں ہے ؟اس طرح کے فلکسی بورڈس ضلع کے مختلف مقامات پر لگائے گئے ہیں جو تمام کے لئے توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ایک اور فلکسی میں مودی کی تصویر کے ساتھ انگریزی میں پوچھاگیا کہ مودی جی، ممنور ایرپورٹ کا کیا ہوا؟ریاست کی حکمران جماعت بی آرایس نے وزیراعظم کے دورہ کی مخالفت کرنے کا اعلان کیا ہے ۔مودی کے دورہ کے خلاف آج مُلگ ضلع میں کاکتیہ یونیورسٹی کے طلبہ نے بھوک ہڑتال کرنے کا فیصلہ کیا اور مُلگ میں قبائلی یونیورسٹی کے قیام کا مطالبہ کیا ہے ۔ایک اور فلکسی بورڈ میں پوچھاگیا کہ بیارم اسٹیل فیکٹری کا کیا ہوا؟۔