حیدرآباد۔ انتخابات میں چہرہ شناسی ایپ کے استعمال کو یقینی بنانے پر شہر کے نتائج پر سنگین اثرات ہونگے اور انتخابی عمل دشوار ہو جائیگا۔ جی ایچ ایم سی انتخابات میں ووٹنگ فیصد میں اضافہ کیلئے کوششوں کا جائزہ لینے کے بعد سیاسی جماعتوں بالخصوص بی جے پی سے تمام مراکز پر چہرہ شناسی ایپ کے لازمی استعمال کو یقینی بنانے کی تجویز پیش کی گئی ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ آئندہ چند ماہ میں الیکشن کمیشن سے قطعی فیصلہ کیا جانے والا ہے اور آئندہ جو انتخابات ہوں گے ان میں چہرہ شناسی ایپ کے استعمال کو لازمی قرار دیا جائیگا۔ بتایاجاتا ہے کہ تمام سرکردہ قائدین تلبیس شخصی کے خاتمہ کیلئے وسیع اقدامات کی تجاویز کی تیاری شروع کردی ہے ۔ بی جے پی کی مرکزی قیادت بھی کمیشن سے نمائندگی کیلئے قطعی فیصلہ کرے گی۔ بتایاجاتا ہے کہ شہر میں چہرہ شناسی ایپ کے استعمال کی کچھ گوشوں سے مخالفت کی جائیگی اور اس کو شخصی معلومات کے افشاء سے مربوط کیا جائیگا لیکن بی جے پی کا کہناہے کہ پولنگ میں دھاندلیوں کو روکنے اس کا استعمال ناگزیر ہے ۔ بی جے پی و ٹی آر ایس سے انتخابی عمل کو صاف و شفاف بنانے بائیومیٹرک نظام اور چہرہ شناسی ایپ کے استعمال کو یقینی بنانے اقدامات کئے جائیں گے جو کہ دیگر جماعتوں کے علاوہ ان لوگوں کیلئے مشکل فیصلہ ثابت ہوگا جن کی کامیابی کا مکمل انحصار بوگس ووٹوں پر ہوتا ہے۔