آئندہ انتخابات میں 75 فیصد رائے دہی کو یقینی بنانے وینکیا نائیڈو کی اپیل

   

عوام میرٹ کی بنیاد پر امیدواروں کا انتخاب کریں، یکساں رائے دہی کیلئے اتفاق رائے کی ضرورت
حیدرآباد۔ 25 جنوری (سیاست نیوز) نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے الیکشن کمیشن اور عوام پر زور دیا کہ آئندہ عام انتخابات میں 75 فیصد رائے دہی کو یقینی بناتے ہوئے انتخابی جمہوریت کو مضبوط کریں۔ انہوں نے تمام ریاستی اسمبلیوں کے یکساں انتخابات کے بارے میں اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت ظاہر کی تاکہ ملک میں ترقی کا عمل جاری رہے۔ نائب صدر جمہوریہ جو کورونا پازیٹیو پائے جانے کے بعد حیدرآباد میں ہوم آئیسولیشن میں ہیں 12 ویں نیشنل ووٹرس ڈے کے موقع پر پیام جاری کیا۔ نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ کوئی بھی رائے دہندہ حق رائے دہی سے محروم نہ رہے اور انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ انتخابی میں میرٹ کی بنیاد پر امیدواروں کے بارے میں فیصلہ کریں۔ 1951-52 کے پہلے عام انتخابات میں 44.87 فیصد رائے دہی اور 2019 کے 17 ویں لوک سبھا انتخابات میں 67.40 فیصد رائے دہی کا حوالہ دیتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ مجموعی طور پر 50 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کے لئے الیکشن کمیشن آف انڈیا کی مساعی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو درپیش اہم چیلنج میں ہر الیکشن میں رائے دہی کی فیصد میں اضافہ ہے جس کے ذریعہ ملک کی انتخابی جمہوریت کو مزید موثر بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے 75 سال کے تکمیل کے موقع پر ہمیں اس بات کا عہد کرنا چاہئے کہ آئندہ عام انتخابات میں رائے دہی کے فیصد کو کم از کم 75 فیصد پر پہنچائیں گے۔ ہر شخص کو جاننا چاہئے کہ ووٹ صرف حق نہیں بلکہ ذمہ داری ہے۔ نائب صدر جمہوریہ نے 2019 انتخابات میں مردوں کے مقابلے خواتین کے ووٹ فیصد میں اضافے پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ 70 برس میں پہلی مرتبہ خواتین کا فیصد زیادہ رہا۔ ر