حیدرآباد۔6اکٹوبر(سیاست نیوز) اپریل 2022 سے 15سال پرانی گاڑیوں کے رجسٹریشن کی فیس میں 8گنا اضافہ ہوجائے گا۔ مرکزی حکومت کی جانب سے اس سلسلہ میں اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لائی جاچکی ہے اور اس پر عمل آوری سال 2022 اپریل سے کی جائے گی۔ 15سال سے زیادہ پرانی کاروں کیلئے خریدار کو رجسٹریشن کی فیس کے طور پر 5000 روپئے ادا کرنے ہوں گے جبکہ بسوں اور لاریوں کیلئے بھی یہی اصول مرتب کیا گیا ہے۔علاوہ ازیں موٹر سائیکل جو 15 سال سے زیادہ پرانی ہوچکی ہیں ان کے رجسٹریشن کے لئے بھی 8گنا زیادہ فیس وصول کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔قومی سطح پر گاڑیوں کو 15 سال سے زیادہ استعمال نہ کرنے کی پالیسی کے تحت یہ منصوبہ تیا رکیا گیا ہے اور اس منصوبہ کے مطابق ان تمام گاڑیوں کو جو کہ 15سال سے زیادہ پرانی ہیں ان کے رجسٹریشن کی تجدید یا از سر نو رجسٹریشن کے سلسلہ میں ادا کی جانے والی فیس میں بھاری اضافہ کرنے کے اقداما ت کئے گئے ہیں۔ مرکزی حکومت کی وزارت ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ملک بھر میں 15سال سے زیادہ پرانی گاڑیوں کے رجسٹریشن یا تجدید کیلئے 5000 روپئے وصول کئے جائیں گے جبکہ فی الحال اس کی فیس 600 روپئے ہے۔اسی طرح 15 سال پرانی بائیک یا موٹر سائیکل کیلئے 1000 روپئے فیس ادا کرنی ہوگی جبکہ فی الحال یہ فیس محض 300 روپئے ہے۔ 15 سال سے زیادہ پرانی لاری یا بسوں کیلئے فٹنیس سرٹیفیکیٹ کی تجدید کیلئے 12ہزار500 روپئے وصول کئے جائیں گے ۔ وزارت روڈ ٹرانسپورٹ کے اعلامیہ میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ 15 سال پرانی گاڑیوں کو ناقابل استعمال قرار دینے کی پالیسی کے تحت یہ منصوبہ تیار کیا گیا ہے اور فیس میں اضافہ کیا گیا ہے۔م