آئندہ تعلیمی سال سے سرکاری اسکولوں کے طلبہ میں کٹس کی تقسیم

   

22 اشیاء کی سربراہی کا فیصلہ ، چیف منسٹر ریونت ریڈی کا جائزہ اجلاس

حیدرآباد ۔14 ۔ جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آئندہ تعلیمی سال سے سرکاری اسکولوں کے طلبہ میں تقسیم کئے جانے والے کٹس کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ہے ۔ طلبہ کو فراہم کئے جانے والے کٹس میں 22 ضروری سامان شامل رہیں گے جن میں یونیفارم ، شوز ، بیلٹس ، ٹائیز، اسکول بیاگ اور نوٹ بکس شامل رہیں گے۔ سرکاری اسکولوں اور سماجی بھلائی کے اقامتی اسکولوں میں گرمائی تعطیلات کے فوری بعد کٹس کی تقسیم کا آغاز ہوگا۔ چیف منسٹر نے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ کٹس کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کی بھلائی کے معاملہ میں فنڈس کی کوئی کمی نہیں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ آئندہ تعلیمی سال کے آغاز کے ساتھ ہی ہر طالب علم تک کٹس کی سربراہی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اشیاء معیار ی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اسکولوں کی کشادگی کے ساتھ ہی طلبہ کو ضروری اشیاء سربراہ کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ غریب خاندانوں کو اضافی معاشی بوجھ سے بچانے کیلئے حکومت نے سرکاری اسکولوں اور اقامتی اسکولوں کے طلبہ کیلئے ضروری اشیاء پر مشتمل کٹس کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے ۔ چیف منسٹر کا کہنا ہے کہ کٹس کی سربراہی کے ذریعہ طلبہ کو باقاعدگی کے ساتھ اسکول آنے کی ترغیب دی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی پالیسی کو بہتر بناتے ہوئے حکومت سرکاری اسکولوں کے معیار کو بلند کرے گی۔ چیف منسٹر ننے اسکولوں اور اقامتی اسکولوں کے زیر التواء بلز کے بارے میں تفصیلات پیش کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جلد ہی بلز جاری کرتے ہوئے اسکولوں کی کارکر دگی بہتر بنائے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ضروری اشیاء کی خریدی کا عمل شفافیت پر مبنی ہونا چاہئے۔ ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور اقلیت کے اقامتی اسکولوں سے متعلق اعلیٰ عہدیدار اجلاس میں شریک تھے۔1