اسکولس کیلئے جملہ 9800 رکنی عملہ کا تقرر کیا جائے گا، حکومت کا فیصلہ
حیدرآباد۔ 8 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے آئندہ تعلیمی سال (2026-27) سے ریاست بھر میں مزید پری پرائمری اسکولس کو دستیاب کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ حال ہی میں منعقدہ محکمہ تعلیم کے اجلاس میں یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔ جاریہ تعلیمی سال حکومت کی جانب سے ایک ہزار سرکاری اسکولس میں پری پرائمری کلاسیس کا آغاز کیا گیا ہے۔ آئندہ سال سے مزید 4900 پری پرائمری اسکولس قائم کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ ایک اسکول میں ٹیچر (انسٹرکٹرس) اور آیا کا تقرر کیا جائے گا یعنی جملہ 9800 عملے کا انتخاب کیا جائے گا۔ فی الحال یو کے جی سے کلاسیس چل رہے ہیں۔ 4 سال مکمل کرنے والے بچوں کو پری پرائمری میں داخلہ دیا جارہا ہے۔ آئندہ سال سے خانگی اسکولس کے طرز نرسری کے ساتھ ایل کے جی بھی شروع کرنے کا مطالبہ ہو رہا ہے۔ ریاست میں جملہ 12,700 گرام پنچایت ہیں۔ مرحلہ وار اساس پر ان گرام پنچایت کے حدود میں پری پرائمری اسکولس قائم کرنے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے۔ ریاست میں سمگرا سکشا کے فنڈس سے 250 اسکولس چلائے جارہے ہیں۔ پی ایم سری اسکیم کے تحت 112 اور ایک ہزار سرکاری اسکولس میں پری پرائمری تعلیم دی جارہی ہے۔ ریاست بھر میں پری پرائمری کے جملہ ایک 1362 اسکولس ہیں، ان اسکولس میں جملہ 8976 طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ جاریہ تعلیمی سال ان اسکولس کے لئے 35.77 کروڑ فنڈس جاری کئے گئے ہیں۔ 2