آئندہ تعلیمی سال میں بھی آن لائن کلاسیس متوقع

   

وائیرس کی تیسری لہر کا جائزہ ، عنقریب ماہرین تعلیم کا قطعی فیصلہ
حیدرآباد۔ آئندہ تعلیمی سال بھی آن لائن ہی چلایا جائے گا اور آن لائن تعلیم کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے ریاستی ومرکزی سطح پر رہنمایانہ خطوط کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔ حکومت تلنگانہ کے محکمہ تعلیم کے ذرائع کے مطابق اب تک جو ہدایات اور تجاویز مرکزی حکومت کی جانب سے موصول ہورہی ہیں انہیں دیکھتے ہوئے یہی کہا جا رہاہے کہ تعلیمی سال 2021-22 بھی آن لائن ہی ہوگا اور اس تعلیمی سال کے دوران بھی اسکولوں کی باضابطہ کشادگی کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت کے محکمہ تعلیم کی جانب سے صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے محکمہ کے ماہرین کی کمیٹی سے تجاویز طلب کی جا رہی ہیں اور اس با ت کا جائزہ لیا جارہا ہے کہ اگر تعلیمی سال 2022کو آن لائن ہی کرنا پڑتا ہے تو ایسی صورت میں نصاب کو کس طرح سے تقسیم کیا جائے اور امتحانات کے انعقاد کے سلسلہ میں تعلیمی سال کے آغاز کے ساتھ ہی اقدامات کا آغاز کرنے پر غور کیا جا رہاہے۔ گذشتہ دو برسوں کے دوران تعلیمی سال کو آن لائن رکھے جانے کے علاوہ باضابطہ اسکولوں کی کشادگی عمل میں نہ لائے جانے کے سبب جو صورتحال پیدا ہوئی ہے اس کا بھی جائزہ لینے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ملک میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران بچوں کے متاثر ہونے کے خدشات کے اظہار کے بعد ملک کی مختلف ریاستوں میںموجود اولیائے طلبہ اور سرپرستوں کی تنظیموں کی جانب سے آن لائن کلاسس کی حمایت کی جانے لگی ہے اور حکومت کی وزارت فروغ انسانی وسائل کی جانب سے ملک بھر میں تعلیمی اداروں کو آن لائن چلائے جانے کے اقدامات کا جائزہ لینے کے علاوہ تعلیمی سال کے دوران تعلیم کو متاثر کئے بغیر بہتر انداز میں آن لائن کلاسس کے منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کی ہدایا ت جاری کی جانے لگی ہے ۔ محکمہ تعلیم کے عہدیداروں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے اب تک اس سلسلہ میں کوئی واضح احکامات جاری نہیں کئے گئے ہیں لیکن ضلع واری اساس پر کلکٹرس نے اپنے اپنے اضلاع کی صورتحال سے محکمہ تعلیم کو واقف کروانا شروع کردیا ہے اور محکمہ تعلیم میں ماہرین تعلیم کی کمیٹی کی جانب سے ضلعی صورتحال کے علاوہ متاثرین میں بچوں اور نوجوانوں کی تعداد کا جائزہ لیا جا رہاہے ۔ توقع ہے کہ آئندہ ماہ کے دوران تعلیمی اداروں کے ذمہ داروں سے بات چیت اور صورتحال سے آگہی کے بعد ماہرین کی کمیٹی کی جانب سے اس با ت کا قطعی فیصلہ کیا جائے گا کہ تعلیمی سال 2022 کے دوران اسکولوں کی باضابطہ کشادگی عمل میں لائی جائے گی یا آن لائن تعلیم کا ہی سلسلہ جاری رہے گا۔