ولنگٹن ۔ 19 ۔ فروری (سیاست ڈاٹٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے کہا ہے کہ وہ مصروف ترین کرکٹ کے باوجود آئندہ تین برس تک تینوں طرز کی کرکٹ کے لئے تیار ہیں۔ دنیا کے بہترین بیٹسمینوں میں شمار کئے جانے والے کوہلی نے کہا ہے کہ آئندہ تین برسوں کے دوران ہندوستانی ٹیم کی نظریں دو ٹوئینٹی 20 ورلڈ کپ ، ایک 50 اوورس کے ورلڈ کپ پر مرکوز ہیں اور وہ ان ورلڈ کپ کے لئے تمام طرز کی کرکٹ میں متحرک رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ ویراٹ کوہلی نے کہا ہے کہ ان کا ذ ہن آئندہ تین برسوں کے دوران ہونے والے چند اہم اور بڑے ایونٹس کے لئے واضح ہوچکا ہے اور میں ان تین برسوں کے دوران ہونے والے عالمی ایوینٹس کے لئے خود کو تیار کرچکا ہوں۔ 2021 ء میں ٹوئینٹی 20 ورلڈ کپ ہندوستان میں کھیلا جائے گا جس کے بعد مزید ایک کسی طرز کے ورلڈ کپ اور 2023 ء ونڈے ورلڈ کپ پر بھی میری نظریں مرکوز ہیں۔ یہاں جمعہ کو نیوزی لینڈ کے خلاف شروع ہونے والی دو ٹسٹ مقابلوں کی سیریز سے قبل میڈیا کانفرنس سے اظہار خیال کرتے ہوئے کوہلی نے کہا کہ آئندہ چند برسوں کے دوران کام کا بوجھ اور مصروف کرکٹ کے باوجود چند اہم ایوینٹس میرے ذہن میں ہے۔ کوہلی جو کہ رواں برس 31 برس کے ہوجائیں گے۔ اس ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ سب ہی جانتے ہیں کہ کھلاڑی اس سمت سوچتے نہیں ہے بلکہ کھلاڑی اس حقیقت سے اچھی طرح واقف بھی ہوتے ہیں کہ انہیں کس موقع پر کرکٹ سے وقفہ لینا ہے تاکہ اہم ایونٹ کیلئے خود کو تازہ دم رکھا جائے ۔ کوہلی نے کہا کہ انفرادی وقفہ کپتان کے لئے بھی ضروری ہوتا ہے اور آئندہ چند برسوں کے دوران میں 34 اور 35 برس کا ہوجاؤں گا تب اس طرح کے وقفے مزید اہمیت کے حامل ہوجائیں گے۔
ویراٹ کوہلی آئی کیو او او کے برانڈ ایمبسیڈر مقرر
نئی دہلی ۔ 19 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی مارکٹ میں پہلی مرتبہ داخلہ لے رہی دنیا میں اسمارٹ فون کی معروف کمپنی آئی کیو او او نے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی کو اپنا برانڈ ایمبسیڈر مقرر کیا ہے اور اس کا اعلان آج یہاں کیا گیا ہے ۔ ہندوستانی مارکٹ میں داخلہ کیلئے موجود تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کے بعد مذکورہ کمپنی نے ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی کے ساتھ معاہدہ کیا ہے اور اس موقع پر کمپنی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کمپنی اسمارٹ فون کی دنیا میں بہترین کارکردگی کی وجہ سے نوجوان نسل کی امیدوں کو جیتا ہے، بالکل ایسے ہی جیسے ویراٹ کوہلی ہندوستانی ٹیم کیلئے کامیابی کے ضامن تصور کئے جاتے ہیں ۔ کمپنی کی جانب سے ویراٹ کوہلی کو اپنا برانڈ ایمبسیڈر مقرر کرنے کے بعد کمپنی نے مزید کہا ہے کہ ہندوستانی کمپنی کی جانب سے کی جانے والی تشہیر کے پہلے مرحلہ میں نظر آئیں گے جو کہ سوشیل میڈیا کے علاوہ فلپ کارڈ پر اپنی سہولیات فراہم کرے گا جبکہ 25 فروری کو جو دوسرا مرحلہ شروع کیا جائے گا وہ ڈیجیٹل ، پرنٹ اور فلپ کارڈ کا مرحلہ ہوگا ۔ آئی پی ایل سیزن کے دوران کمپنی کی جانب سے چلائی جانے والی مہم بھی توجہ کا مرکز ہوگی تاکہ نوجوانوں کو ٹکنالوجی اور کرکٹ کے ساتھ بہتر انداز میں جوڑا جاسکے ۔