محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی ۔ اضلاع کیلئے زرد الرٹ جاری
حیدرآباد 2 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ اضلاع بشمول حیدرآباد میں آئندہ تین یوم موسلادھار بارش کی محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کرکے کئی اضلاع کیلئے زرد الرٹ جاری کردیا ہے ۔ مانسون کی تاخیر سے آمد کے بعد اب خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے سبب ریاست کے کئی اضلاع میں موسلادھار مسلسل بارش کا امکان ہے اور دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں بھی 4اور5جولائی کو شدید بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق تمام اضلاع میں آئندہ 48گھنٹوں میں مسلسل بارش کا آغاز ہوگا اور 6جولائی تک بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔دونوں شہروں میں بارش پر خانگی ماہرین موسمیات کا دعویٰ ہے کہ 5اور6 جولائی کو زبردست بارش ہوسکتی ہے جس سے کئی نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہونے کا خدشہ ہے ۔خانگی ماہرین کا کہناہے کہ توقع کے مطابق اگر بارش ہوتی ہے تو 3تا6 جولائی کے دوران شہر میں یومیہ 100 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہوسکتی ہے ۔محکمہ کے ماہرین کا کہناہے کہ دونوں شہروں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے لیکن نواحی علاقوں میں شدید بارش کے زیادہ آثار ہیں۔آئندہ ہفتہ کے موسم سے متعلق اعلامیہ کے مطابق دونوں شہروں کے علاوہ بیشتر اضلاع میں بارش ہوگی اور درجہ حرارت میں کمی سے مجموعی اعتبار سے موسم خوشگوار رہ سکتا ہے۔