دونوں شہروں میں بھی وقفہ وقفہ سے اوسط بارش کی پیش قیاسی
حیدرآباد 22 جون(سیاست نیوز) تلنگانہ میں گرمی کی شدت کے سبب محکمہ موسمیات کے زرد اور عنبر الرٹ کے بعد اب آئندہ تین یوم موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کرکے زرد الرٹ جاری کیا گیا اور بعض اضلاع کیلئے عنبر الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے جنوبی تلنگانہ میں مانسون کے سرگرم ہونے کی پیش قیاسی میں آئندہ 72 گھنٹوں میں اضلاع عادل آباد ‘ کمرم بھیم آصف آباد‘ منچریال ‘ نرمل اور جگتیال کیلئے زرد الرٹ جاری کیا اور کہا ہے کہ 26 جون تک ان اضلاع میں موسلادھار بارش کا امکان ہے جبکہ پدا پلی ‘ کریم نگر ‘ جئے شنکر بھوپل پلی کیلئے عنبر الرٹ جاری کرکے 27 جون کی صبح تک موسلادھار بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے ۔ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے موسم کے متعلق ماہرین کا کہناہے کہ شہر میں فوری موسلادھار بارش کا امکان نہیں ہے لیکن کئی علاقوں میں وقفہ وقفہ سے بارش کے امکانات کو مسترد نہیں کیا جارہا ہے۔آئندہ تین زبردست بارش کے امکانات ہیں اور ان کے ساتھ محکمہ سے عنبر اور زرد الرٹ جاری کردیا گیا ہے ۔ مذکورہ اضلاع کے علاوہ دیگر اضلاع میں گذشتہ یوم تک گرمی کی شدت اور درجہ حرارت میں اضافہ کے نتیجہ میں الرٹ جاری کئے جا رہے تھے اور شہریوں سے اپیل کی گئی تھی کہ وہ شدید دھوپ میں گھروں سے نکلنے سے اجتناب کریں ۔ دونوں شہروں میں آج موسم میں نمایاں تبدیلی ریکارڈ کی گئی اور سہ پہر تک دھوپ کے بعد شام سے ہی مطلع ابرآلود رہا جبکہ شہر کے نواحی علاقوں شمس آباد‘ شاد نگر‘ نارسنگی اور دیگر مقامات پر بارش بھی ریکارڈ کی گئی ۔ اس کے علاوہ ریاست کے کئی اضلاع میں وقفہ وقفہ سے ہلکی اور تیز بارش کے سبب موسم خوشگوار رہا ۔ خانگی ماہرین موسمیات کے مطابق مطلع ابر آلود ہونے کے بعد اگر تیز ہواؤں کا سلسلہ بند ہوجاتا ہے تو ایسی صورت میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔