12 تا 3 بجے دن گھروں سے نکلنے سے گریز کیا جائے ۔ زیادہ پانی کا استعمال بھی ضروری
حیدرآباد 9 اپریل (سیاست نیوز) موسم گرما میں لو لگنے کے واقعات سے محفوظ رہنے تلنگانہ عوام بالخصوص شہریان حیدرآباد آئندہ 3 یوم سخت احتیاط کریں ‘ گھر سے نکلنے میں گریز کریں اور زیادہ پانی کا استعمال کرکے خود کو ڈی ہائیڈریٹڈ رکھنے کی کوشش کریں۔ ڈاکٹر بی رویندر نائک ڈائرکٹر صحت عامہ و خاندانی بہبود نے شہریوں کیلئے اڈوائمری میں آئندہ 3یوم درجہ حرارت میں 2تا3 ڈگری کے اضافہ کے خدشہ کا اظہار کیا اور کہا کہ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق شہر و ریاست کے کئی اضلاع میں درجہ حرارت 41ڈگری سے تجاوز کرنے کا خدشہ ہے اور ساتھ ہی گرم ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ انہوں نے دھوپ میں اضافہ اور گرمی کی شدت کے دوران اگر گرم ہواؤں کا سلسلہ شروع ہوتا ہے تو لو لگنے کے واقعا ت کا اندیشہ رہتا ہے اسی لئے عوام کو اپنے سر‘ گردن‘ کان اور چہرے کو ممکن حد تک ڈھانک کر رکھیں اور شدید دھوپ میں گھر سے نکلنے سے گریز کریں ۔ ڈاکٹر رویندر نائک نے بتایا کہ شدید دھوپ کے اوقات میں محض گھر سے نکلنے سے اجتناب کرنا کافی نہیں ہے بلکہ 12 بجے سے 3بجے دوران پکوان سے بھی گریز کرنا چاہئے علاوہ ازیں دھوپ کی شدت کے دوران بوتل بند مشروبات بالخصوص گیس والے مشروبات کا استعمال نہیں کرنا چاہئے ۔ انہو ںنے بتایا کہ دھوپ کے اثرات سے محفوظ رہنے صحت مند غذاء کا استعمال کیا جانا چاہئے ۔ ڈائرکٹر صحت و خاندانی بہبود نے بتایا کہ اگر کسی کو چکر آتے ہیں یا غیر متوقع اچانک سردرد یا متلی کی شکایت ہو اور چہرے یا بدن کے کسی حصہ پر خارش یا نشانات رونما ہونے لگیں تو میں انہیں فوری ڈاکٹر سے رجوع ہوکر اپنی جانچ کروانی چاہئے ۔ اگر کسی کی دھڑکن میں اچانک اضافہ ہوجائے یا اختلاج محسوس ہونے لگے تو انہیں بھی ڈاکٹر سے رجوع ہونا چاہئے تاکہ فوری علاج کو یقینی بنایا جاسکے۔ حیدرآباد و سکندرآباد میں درجہ حرارت میں اضافہ سے متعلق محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ آئندہ تین یوم شہر و ریاست کے کئی اضلاع میں درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا۔3/k