آئندہ حکومت میں علاقائی جماعتوں کا اہم رول

   

این ڈی اے یا یو پی اے کو 200 نشستیں بھی نہیں ملینگی : ونود کمار
حیدرآباد 12 اپریل ( پی ٹی آئی ) ٹی آر ایس نے آج ادعا کیا کہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس زیر قیادت یو پی اے کو اور بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے کو 200 نشستیں بھی حاصل نہیں ہونگی جس کے نتیجہ میں علاقائی جماعتوں کو تشکیل حکومت میں اہم رول ادا کرنے کا موقع ملے گا ۔ گذشتہ لوک سبھا میں ٹی آر ایس کے ڈپٹی فلور لیڈر بی ونود کمار نے آج کہا کہ ان کی پارٹی کئی علاقائی جماعتوں سے رابطے میںہے جن کا بی جے پی اور کانگریس سے کوئی اتحاد نہیں ہے ۔ ونود کمار نے پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مرکز میں تشکیل حکومت میںعلاقائی جماعتوں کا اہم رول ہوگا ۔ ونود کمار کریمنگر حلقہ سے دوبارہ امیدوار رہے ہیں۔ تلنگانہ میں لوک سبھا کے 17 حلقوں کیلئے کل 11 اپریل کو ووٹ ڈالے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ہی علاقائی جماعتیں اپنی اپنی حلیف جماعتوں کے ساتھ 200 نشستوں کے ہندسے کو پار نہیں کرسکیں گی ۔ ایسے میں علاقائی جماعتوں کا آئندہ حکومت کے قیام میں رول انتہائی اہم ہوجائیگا ۔ واضح رہے کہ کے سی آر قومی سطح پر وفاقی محاذ کی وکالت کر رہے ہیں۔