آئندہ دودنوں تک موسلادھار بارش متوقع

   

نارائن پیٹ میں حفاظتی انتظامات کیلئے عہدیداروں کو کلکٹر کی مختلف ہدایتیں
نارائن پیٹ۔ آئندہ دو دنوں تک متوقع موسلا دھار بارش کے پیش نظر ضلع کلکٹر نارائن پیٹ شریمتی ہری چندنا آئی اے ایس نے کسی بھی ناگہانی واقعہ کی صورت میں فوری طور پر کنٹرول روم نمبر 9154283914 پر اطلاع دینے کی عوام سے اپیل کی ہے تاکہ فوری طور پر حفاظتی اقدامات کئے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دنوں تک موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی ہے اس لئے عوام کو غیر ضروری باہر نہ جانے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے نارائن پیٹ ضلع کے عوام کو مشورہ دیا کہ ہوا کے دباؤ میں کمی کے سبب آئندہ دو دنوں تک تیز سے تیز ترین بارش کے امکانات ہیں۔ انہوں نے نشیبی علاقوں کے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں ۔ جب تک ضروری نہ ہو گھروں سے باہر نہ نکلیں بالخصوص رات کے اوقات میں نشیبی علاقوں میں قیام نہ کریں۔ ضلع کلکٹر نے کہا کہ ضلع میں شدید بارش کے پیش نظر پرانے مکانات، جھونپڑیوں اور خستہ حال مخدوش مکانات میں چوکس رہیں۔ دریا کے کناروں پر بسنے والے والدین، سرپرستوں سے اپیل کی کہ بچوں کو ندی نالوں کے پاس جانے نہ دیں کیونکہ ندی نالوں کے موڑ پر تیز رفتار پانی بہتا رہتا ہے۔ انہوں نے تحصیلداروں اور ایم پی ڈی اوز کو ہدایت کی کہ وہ 24 گھنٹے عوام کو دستیاب رہیں۔ انہیں مشورہ دیا کہ اپنے اپنے منڈلوں میں سڑکوں، دیہاتوں کو سیلاب کی صورت میں قابل رسائی بنانے کے انتظامات کریں۔ ندی نالوں پر سائن بورڈ لگائیں۔ علاوہ ازیں پنچایت سکریٹریز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے علاقے میں تالابوں میں پانی کی سطح کی نگرانی کریں اور لوگوں کو خبردار کریں۔