محبوب نگر میں عہدیداروں کے ساتھ ضلع کلکٹر کی ٹیلی کانفرنس، بارش کی صورتحال کا جائزہ
محبوب نگر /27 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مسلسل بارش کے نتیجہ میں ضلع کے تالاب اور کنٹے لبریز ہوکر بھاری مقدار میں پانی کا اخراج ہو رہا ہے ۔ اس صورتحال میں عوام ندیوں اور تالابوں کو عبور کرنے کی ہرگز کوشش نہ کریں ۔ ضلع کلکٹر جی روی نائک نے عوام کو مشورہ دیا اور کہا کہ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو دنوں میں ریاست میں شدید بارش کی قیاسی کی گئی ہے ۔ اس ضمن میں ضلع کلکٹر نے متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس منعقد کی اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ آئندہ دو دن حد درجہ چوکسی اختیار کی جائے ۔ جانی و مالی نقصانات سے بچنے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کئے جائیں ۔ سلم علاقوں میں ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے عہدیدار 24 گھنٹے موجود رہیں۔ ضلع کلکٹریٹ میں عوام کی شکایات کی یکسوئی کیلئے کنٹرول روم کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ جس کا نمبر 08542-241165 ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ دیہاتوں میں گھر گھر جاکر شعور بیدار کیا جائے کہ عوام ندیوں ، تالاب اور کنٹوں کے قریب نہ جائیں ۔ندیوں سے متصل سڑکوں بہتے ہوئے پانی سے عوام کو دور رکھنے کی کوشش کریں۔ موسم بارش میں پھوٹ پڑنے والے وبائی امراض سے حفاظت کیلئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں ۔ بارش کا پانی جہاں جمع ہوتا ہے۔ وہاں مچھروں کی افزائش ہوتی ہے۔اس کا خیال رکھا جائے ۔ اسکولس کو تعطیلات کا اعلان کردیا گیا ہے ۔ لیکن عوام بھی بلا ضرورت اپنے گھروں کے باہر نہ آئیں ۔ ایس پی کے نرسمہا نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں پر جہاں پانی جمع ہو یا گڑھے پڑے ہوں وہاں انتباہ کے بیانرس یا بورڈس آویزاں کئے جائیں ۔ اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر ریونیو موہن راؤ کے علاوہ ضلع کے اہم عہدیداران موجود تھے ۔