آئندہ دو دن شدید بارش کی پیش قیاسی

   

حیدرآباد۔10اکٹوبر(سیاست نیوز) محکمہ موسمیات نے آئندہ 48 گھنٹوں میں مختلف اضلاع میں شدید بارش کی پیش قیاسی کی اور کہا کہ اضلاع اور حیدرآبادو سکندرآباد میں بھی بارش کا امکان ہے ۔ جبکہ خانگی ماہرین موسمیات نے 16 اکٹوبر تک موسم خشک رہنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ محکمہ موسمیات سے کل بھی کہا گیا تھا کہ آئندہ 72 گھنٹوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ خانگی ادارہ نے کل دعویٰ کیا تھا کہ اضلاع پر جمع بادلوں کے گذر جانے کے سبب آئندہ ایک ہفتہ کے دوران کسی بھی ضلع میں شدید بارش کا امکان نہیں ہے لیکن چند ایک مقاما ت پر ہلکی بارش یا بوندا باندی ریکارڈ کی جاسکتی ہے۔ دونوں شہرو ں میں اتوار کو مطلع مکمل صاف رہا اور گرمی میں اضافہ دیکھا گیا ۔ محکمہ کے مطابق آئندہ 48گھنٹوں میں درجہ حرارت معمول کے مطابق رہے گااور بارش کے امکانات کو مسترد نہیں کیا جاسکتا بلکہ نلگنڈہ ‘ رنگاریڈی‘ وقار آباد ‘ محبوب نگر‘ نااگرکرنول ‘ ونپرتی‘ نارائن پیٹ اور جوگولامبا گدوال میں تیز بارش ہوسکتی ہے۔ گذشتہ دو یوم میں شہر میں بارش کے علاوہ اضلاع میں بارش کی وجہ سے ذخائر آب لبریز ہوچکے ہیں اور پانی کے اخراج کا سلسلہ جاری ہے۔ آئندہ 48 گھنٹوں میں شدید بارش کی پیش قیاسی کے پیش نظر بلدیہ حیدرآباد و اطراف کی بلدیات نے چوکسی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔بتایاجاتا ہے کہ شہر کے اطراف اضلاع میں اتوار کو مطلع ابرآلود رہا لیکن نواحی و مضافاتی علاقو ںکے کسی بھی مقام پرکوئی بارش یا تیز ہواؤں کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ۔م