’’ آئندہ دو دن میں سیاسی بم پھٹ سکتے ہیں‘‘: سرینواس ریڈی

   

قومی چینل کو وزیر مال کا انٹرویو، مختلف اسکامس میں کارروائیوں کا آغاز ہوگا
حیدرآباد۔/23اکٹوبر، ( سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے سنسنی خیز بیان دیتے ہوئے سیاسی حلقوں میں ہلچل پیدا کردی ہے کہ آئندہ ایک یا دو دن میں سیاسی بم پھٹنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس کسی نے بھی غلطی کی ہے اسے بخشا نہیں جائے گا۔ فون ٹیاپنگ، کالیشورم، دھرانی اور دیگر اسکامس کی فائیلیں تیار ہیں۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ کئی اہم قائدین کے خلاف کارروائی یقینی ہوگی اور ان کے خلاف پورے ثبوت کے ساتھ حکومت آگے بڑھے گی۔ قومی چینل کو انٹرویو میں وزیر مال نے یہ سنسنی خیز ریمارک کئے ہیں۔ سیؤل کے دورہ کے موقع پر سرینواس ریڈی نے ایک قومی چینل کو خصوصی انٹرویو دیا۔ انہوں نے کہا کہ فون ٹیاپنگ، کالیشورم پراجکٹ اور دھرانی جیسے اسکامس پر 8 تا 9 اہم امور پر کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس بارے میں فائیلس مکمل ثبوت کے ساتھ تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیؤل سے آئندہ دو دنوں میں حیدرآباد واپسی کے بعد کارروائیوں کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ یہ کارروائیاں سیاسی انتقامی نہیں بلکہ مکمل ثبوت کے ساتھ کی جائیں گی۔ جس کسی نے غلطی کی ہے چاہے وہ کتنا بڑا کیوں نہ ہو بچ نہیں پائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسی ثبوت کے بغیر عجلت میں کارروائی کے حق میں نہیں ہے۔ کالیشورم پراجکٹ کی تحقیقات اختتامی مراحل میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فون ٹیاپنگ، کالیشورم پراجکٹ اور دھرانی جیسے امور پر کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا اب تک یہ خیال ہے کہ کوئی کارروائی نہیں کی گئی لیکن حکومت مکمل ثبوت کے ساتھ آگے بڑھے گی۔1