آئندہ دو دن چوکس رہنے چیف منسٹر کی ہدایت

   

نشیبی علاقوں سے عوام کو محفوظ مقامات منتقل کرنے کا مشورہ
حیدرآباد ۔ 25 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ریاست میں آئندہ دو دن موسلادھار بارش کی پیش قیاسی پر نظم و نسق کو چوکسی کی ہدایت دی ہے ۔ انہوں نے ضلع کلکٹرس اور تمام محکمہ جات کو ہدایت دی کہ وہ صورتحال پر نظر رکھیں۔ شدید بارش کی صورت میں سیلاب کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جائے ۔ محکمہ موسمیات نے ریاست میں آئندہ دو دن شدید ترین بارش کی پیش قیاسی کی ہے ۔ چیف منسٹر نے ضلع کلکٹرس سے کہا کہ وہ بارش سے متاثرہ علاقوں کا وقفہ وقفہ سے جائزہ لیں اور نشیبی علاقوں کے عوام کو محفوظ مقامات منتقل کیا جائے۔ چیف منسٹر نے ضرورت پر ریلیف کیمپس کے قیام کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ شہری اور دیہی علاقوں میں جہاں کہیں پانی کا تیز بہاؤ رہے ، ٹریفک کو گزرنے کی اجازت نہ دی جائے۔ انہوں نے محکمہ برقی کو ہدایت دی کہ بلا وقفہ برقی سربراہی کو جاری رکھیں اور بارش کے دوران سڑکوں پر غیر محفوظ برقی تاروں کو ہٹادیا جائے تاکہ عوام حادثات سے محفوظ رہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ دسہرہ کی تعطیلات میں اسکولوں اور تعلیمی اداروں کے بند ہونے کو یقینی بنایا جائے ۔ چیف منسٹر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں اور اپنے طور پر احتیاطی قدم اٹھائیں۔ چیف منسٹر نے جی ایچ ایم سی ، حیڈرا کے علاوہ این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیموں کو چوکس کرنے کی ہدایت دی۔ 1