ایکریڈیشن کارڈ پر وزیر پی سرینواس ریڈی کی کونسل میں وضاحت
حیدرآباد ۔ 18 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : ریاستی وزیر پی سرینواس ریڈی نے واضح کیا ہے کہ موجودہ حکومت کا صحافیوں کو تقسیم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے بلکہ حقیقی صحافیوں کو ایکریڈیشن کارڈ فراہم کرنا اس کا بنیادی مقصد ہے ۔ انہوں نے آج تلنگانہ قانون ساز کونسل میں وقفہ سوالات کے دوران اپوزیشن ارکان کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ابتدائی طور پر ایکریڈیشن سے متعلق جی او 252 جاری کیا تھا تاہم صحافی تنظیموں کی تجاویز پر اس میں نظر ثانی کی گئی ہے ۔ وزیر نے کہا کہ چند افراد ایکریڈیشن کارڈس کی اجرائی کے تعلق سے غلط فہمیاں پھیلا رہے ہیں جب کہ حکومت نے اس عمل کو شفاف بنانے اور زیادہ سے زیادہ صحافیوں کو شامل کرنے کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اگر مزید کسی ترمیم کی ضرورت پیش آتی تو حکومت اس سے گریز نہیں کرے گی ۔ پونگولیٹی سرینواس ریڈی نے مزید بتایا کہ آئندہ دو یا تین ماہ میں ڈیجیٹل میڈیا پالیسی کو حتمی شکل دے دی جائے گی ۔ جس کا خاکہ پہلے ہی تیار کیا جاچکا ہے ۔ اس کے علاوہ حکومت صحافیوں کو رہائشی پلاٹس فراہم کرنے کے معاملے پر بھی سنجیدگی سے غور کررہی ہے اور اس سلسلے میں قانونی پیچیدگیوں کے بغیر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حال ہی میں یوم خواتین کے موقع پر صحافیوں کے لیے مکانات کے پلاٹس سے متعلق مثبت پیشرفت کا اشارہ دیا تھا اور کہا تھا کہ جلد ہی خوشخبری سننے کو ملے گی ۔۔ 2