نئی دہلی : اب جبکہ مختلف اقوام کورونا وائرس ویکسین لگانا شروع کرچکی ہیں ، اُمید ہے کہ آئندہ سال تک دنیا بھر میں معمول کی صورتحال لوٹ آئے گی۔ کورونا وائرس بیماری (کوویڈ۔19 ) نے دنیا بھر میں زندگی تبدیل کردی ہے ۔ اس مرض نے عالمی سطح پر زائد از 80 ملین افراد کو متاثر کیا اور اُن میں سے 1.76 ملین فوت ہوگئے۔ ماسک اور سماجی فاصلے کے ساتھ اب ایک اور نیا معمول اُبھر آنے کا امکان ہے جو سی این این رپورٹ کے مطابق ویکسین پاسپورٹ ایپ ہے ۔ جیسا کہ نام سے ظاہر ہے ایک موبائیل ایپ جو اس بات کا ثبوت ہوگا کہ صارف کورونا وائرس ٹسٹ میں نگیٹیو پایا گیا ہے ، مختلف ملکوں میں پروگراموں کے مقامات ، اسٹیڈیمس ، سینما تھیٹرس ، دفاتر وغیرہ کو جانے کے لئے اُس کے لئے پاسپورٹ کے مماثل ہوگا۔ تاہم عالمی صحت تنظیم نے کہا ہے کہ ان پاسپورٹس سے شاید کورونا وائرس کے ٹرانسمیشن کو گھٹانے میں مدد نہیں ملے گی کیونکہ دوسری مرتبہ انفیکشن کا امکان ہمیشہ رہتا ہے ۔ اس ضمن میں کچھ تفصیلات ملاحظہ کیجئے ۔ مختلف افراد کو اپنی کورونا ٹسٹ کی تفصیلات ایپ پر اپ لوڈ کرنی ہوگی اور بعض مخصوص کمپنیوں کے تیار کردہ ایپ پر ان تفصیلات کے علاوہ ٹیکہ اندازی کے بارے میں بھی مواد جمع کیا جائے گا ۔ یہ تفصیلات ڈیجیٹل ثبوت کے مماثل ہوں گے جو فضائی سفر کے وقت متعلقہ حکام کی جانب سے طلب کئے جانے پر پیش کرنے ہوں گے ۔ ویکسین پاسپورٹ ایپ سے متعلقہ آرگنائزیشن نے مختلف ایئر لائینس جیسے کیتھے پیسفیک ، جٹ بلیو ، لفتھانسا ، سوئیس ایئرلائینس ، یونائیٹیڈ ایئرلائینس اور دیگر کے ساتھ شراکت داری کرلی ہے ۔ آئی بی ایم کمپنی نے بھی ایک ایپ تیار کیاہے جسے ڈیجیٹل ہیلتھ پاس کا نام دیا گیا ہے ۔ یہ ایپ بھی آپ کی انفرادی تفصیلات کے ساتھ کورونا ویکسین لگانے کے بارے میں معلومات محفوظ کرے گا جو بوقت فضائی سفر پیش کیا جاسکتا ہے اور عین ممکن ہے کہ آنے والے ہفتوں اور مہینوں میں اس قسم کے ڈیجیٹل پروف کے بعد ہی متعلقہ فرد کو فضائی سفر کی اجازت دی جائیگی۔