نئے تعینات ہونے والے پولیس اہلکار وں کو تقرر نامے حوالے کرنے کی ایک تقریب سے امیت شاہ کا خطاب
لکھنؤ:15جون(یواین آئی)مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے اتوار کو بھروسہ دلایا کہ اگلے سال 31 مارچ تک ہندوستان نکسل وادسے پوری طرح سے پاک ہوجائے گا۔ڈیفنس ایکسپو گراؤنڈ، سیکٹر 18، ورنداون یوجنا، لکھنؤ میں منعقدہ ایک عظیم الشان تقریب میں 60,244 نئے تعینات ہونے والے پولیس اہلکاروں کو تقررنامے تقسیم کرتے ہوئے ، انہوں نے کہا کہ نکسل ازم، جو 11 ریاستوں میں پھیل چکا تھا، اب صرف تین اضلاع تک محدود ہے ، اور ہندوستان31 مارچ 2026 تک مکمل طور پر نکسل وادسے پاک ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے دہشت گردی کے خلاف بھی سخت رویہ اختیار کیا ہے ۔ پاکستان نے تین بار دہشت گردانہ حملوں کی کوشش کی لیکن ہندوستان نے ہر بار منہ توڑ جواب دیا اور دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کر دیا۔ آپریشن سندور کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فضائیہ نے دہشت گردوں کے ہیڈ کوارٹر کو تباہ کر دیا۔شفاف اور جامع بھرتی کے عمل کے لیے اتر پردیش حکومت کی تعریف کرتے ہوئے شاہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں اتر پردیش پولیس نے نہ صرف بھرتی کے عمل کو منصفانہ اور میرٹ پر مبنی بنایا ہے بلکہ ہر ذات، ضلع اور تحصیل کے نوجوانوں کو مواقع فراہم کرکے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے ۔شاہ نے خاص طور پر اس بات پر زور دیا کہ ان تقرریوں میں کوئی خرچہ، کوئی پرچی، کوئی سفارش اور ذات کی بنیاد پر کوئی امتیاز نہیں تھا، بلکہ پورا عمل شفاف اور میرٹ پر مبنی تھا۔امیت شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ اتر پردیش پولیس ملک کی سب سے بڑی پولیس فورس ہے اور آج 60,244 نوجوان اس کا اٹوٹ حصہ بن رہے ہیں۔ انہوں نے اس دن کو نئے تعینات ہونے والے اہلکاروں کی زندگی کا سب سے مبارک دن قرار دیا اور کہا کہ یہ فخر کا لمحہ ہے ۔ شاہ نے کہا کہ اس میں 12 ہزار سے زائد بیٹیاں بھی شامل ہیں، جن کے چہروں پر خوشی دیکھ کر انہیں بے پناہ سکون ملا۔انہوں نے کہا کہ اتر پردیش میں خواتین کے لیے ریزرو عہدوں کا 100 فیصد فائدہ یقینی بنایا گیا ہے ، جو یوگی حکومت کی ایک بڑی کامیابی ہے ۔2017 کے بعد اتر پردیش میں ہونے والی تبدیلیوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد سے اتر پردیش میں امن و امان کی صورتحال مسلسل بگڑ رہی تھی لیکن 2017 میں یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں بی جے پی کی حکومت بننے کے بعد یوپی پولیس نے نئی بلندیوں کو چھونا شروع کیا۔انہوں نے کہا کہ یوگی جی نے صنعتی ترقی، تعلیم، امن و امان، بنیادی ڈھانچہ، بجلی اور نلکے کے پانی جیسی اسکیموں کو عوام تک پہنچا کر ایک تبدیلی کے دور کا آغاز کیا ہے ۔ شاہ نے زور دے کر کہا کہ یوپی اب فسادات کا گڑھ نہیں رہا، بلکہ فسادات سے پاک ہو گیا ہے ۔