آئندہ سال 8 ہزار سرکاری ملازمین کی سبکدوشی

   

پہلے سہ ماہی میں 1500 سبکدوش ہونگے
حیدرآباد: تلنگانہ میں 2021 ء کے دوران 8273 سرکاری ملازمین وظیفہ پر سبکدوش ہوجائیںگے ۔ ان میں سے 1400 پہلے سہ ماہی کے دوران سبکدوش ہونگے۔ حکومت نے ملازمین کی یونینوں سے وعدہ کیا کہ وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر 58 سے بڑھاکر 61 سال کی جائے گی۔ 2018 ء کے اسمبلی انتخابات میں چیف منسٹر نے یہ وعدہ کیا تھا جبکہ کانگریس نے وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر 58 سے بڑھاکر 60 کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔ ذرائع کے مطابق آئندہ سال سبکدوش ہونے والے ملازمین کو حکومت کے احکامات پر عمل کا انتظار ہے۔ چیف منسٹر نے فروری تک احکامات پر عمل آوری کا تیقن دیا لیکن چیف سکریٹری کی قیادت میں تشکیل دی گئی سہ رکنی کمیٹی کی سفارشات پر فیصلہ کا انحصار رہے گا۔ ملازمین کی تنظیموں نے جنوری کے اختتام تک سبکدوشی کی عمر میں اضافہ کا مطالبہ کیا تاکہ 2021 ء میں سبکدوش ہونے والے ملازمین کو فائدہ پہنچے۔ گزشتہ دو برسوں میں تقریباً 16 ہزار ملازمین وظیفہ پر سبکدوش ہوئے ۔ 2018 سے ملازمین کو انتخابی وعدہ پر عمل آوری کا انتظار ہے ، اگر اسی وقت یہ فیصلہ کیا جاتا تو 16,000 ملازمین سبکدوش ہونے سے بچ جاتے ۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ پبلک ایمپلائمنٹ ایکٹ میں ترمیم کے ذریعہ وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر میں اضافہ کرنا پڑیگا ، اس کیلئے آرڈیننس کی اجرائی ضروری ہے۔ این جی اوز قائدین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ استقدامی اثر سے احکامات پر عمل کریں۔