اسمبلی میڈیا اڈوائزری کمیٹی کا پہلا اجلاس، اسپیکر جی پرساد کمار وزیرامور مقننہ ڈی سریدھر بابو کا خطاب
حیدرآباد 10 جولائی (سیاست نیوز) اسپیکر تلنگانہ اسمبلی جی پرساد کمار نے کہا کہ دونوں ایوانوں اسمبلی اور کونسل کے کام کاج کو خوش اسلوبی سے چلانے سب کو تعاون کرنا چاہئے خاص کر میڈیا نمائندوں کو اس میں کلیدی رول ادا کرنے کا مشورہ دیا۔ آج اسمبلی و کونسل کی میڈیا اڈوائزری کمیٹی کا پہلا اجلاس اسمبلی کمیٹی ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسپیکر اسمبلی جی پرساد کمار، صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی، وزیرامور مقننہ ڈی سریدھر بابو، سکریٹری اسمبلی وی نرسمہا چاریولو، میڈیا اڈوائزری کمیٹی صدرنشین ای سرینواس ریڈی، معاون صدرنشین پری پورنا چاری کے علاوہ محمد نعیم وجاہت و دیگر 13 ارکان نے شرکت کی۔ اسپیکر، صدرنشین کونسل اور ریاستی وزیر نے میڈیا کمیٹی صدرنشین و اراکین کو گلدستہ پیش کرکے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اسپیکر اسمبلی نے کہا کہ اسمبلی اور کونسل کے وقار اور ترجیحات کا تحفظ کرتے ہوئے میڈیا اڈوائزری کمیٹی کو اپنی خدمات فراہم کرنے کا بہترین موقع ملا ہے۔ میڈیا جمہوریت کا اہم ستون ہے۔ بحیثیت سینئر صحافی آپ سب بہت زیادہ تجربہ کار ہیں۔ دونوں ایوانوں کے کام کو بہتر انداز میں چلانے مکمل تعاون کریں۔ صدرنشین کونسل جی سکھیندر ریڈی نے میڈیا کی نئی اڈوائزری کمیٹی کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد ایوانوں کی دونوں ایوانیں اسمبلی وکونسل ایک عمارت میں کام کریں گی۔ پارلیمنٹ کی طرز پر سنٹرل ہال بنانے کی تجویز ہے۔ ایسے میں میڈیا کی ذمہ داری مزید بڑھ جاتی ہے۔ وہ مکمل تعاون کریں۔ وزیر آئی ٹی صنعت و امور مقننہ ڈی سریدھر بابو نے کہا کہ انہیں امید ہے میڈیا کی نئی کمیٹی ایوانوں کے نظم و نسق میں اہم رول ادا کرے گی۔ اسمبلی سکریٹریٹ سے میڈیا کمیٹی کی بھرپور مدد کی جائے گی۔ اسمبلی اور کونسل میں میڈیا کو اور نئی کمیٹی کو تمام سہولیات فراہم کی جائے گی۔ میڈیا کمیٹی کے تجاویز، میڈیا کے نمائندوں کو اسمبلی کے پاسیس کی اجرائی کے علاوہ دیگر امور میں مکمل تعاون کیا جائے گا۔ اسمبلی اور کونسل اجلاس کو صحتمندانہ انداز میں چلانے سب کا تعاون ضروری ہے۔ صدرنشین کمیٹی آئی سرینواس ریڈی نے بھی کہا کہ اسمبلی اور کونسل کے اجلاسوں میںمیڈیا کے نمائندوں کو پاسیس کی اجرائی کے علاوہ دیگر سہولیات کے بارے میں سب کو اعتماد میں لیتے ہوئے تجاویز پیش کی جائے گی۔ 2