آئندہ لوک سبھا انتخابات کیلئے اے آئی اے ڈی ایم کے کا پی ایم کے کیساتھ معاہدہ

   

چینائی ۔ 19 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) آئندہ پارلیمانی انتخابات کی تیاری کے آغاز کے طور پر ٹاملناڈو کی اے آئی اے ڈی ایم کے پارٹی نے منگل کو اعلان کیا کہ وہ پٹالی مکل کاچی (PMK) کے ساتھ انتخابی مفاہمت کرچکی ہے۔ چیف منسٹر کے پلانی سوامی کی موجودگی میں نائب چیف منسٹر اوپنیر سلوم نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں پی ایم کے سات لوک سبھا نشستوں پر مقابلہ کرے گی اور ساتھ میں پی ایم کے کی ایک راجیہ سبھا نشست بھی فراہم کی جائے گی۔ شہر کی ایک ہوٹل میں دونوں پارٹیوں کے قائدین نے معاملت کو قطعیت دی۔ معاہدہ کے مطابق پی ایم کے آئندہ اسمبلی ضمنی انتخابات میں اے آئی ڈی ایم کے کی 21 اسمبلی حلقوں میں تائید کرے گی۔ ٹاملناڈو کے مغرب اور شمالی علاقوں میں پی ایم کا اچھا خاصا اثرورسوخ پایا جاتا ہے چنانچہ اے آئی ڈی ایم کے کے ساتھ معاہدہ کو کافی اہمیت کا حامل تصور کیا جارہا ہے۔ اے آئی ڈی ایم کے نے بی جے پی کے ساتھ انتخابی مفاہمت کرلی ہے۔ 2014ء انتخابات میں پی ایم کے بی جے پی کے سات پارٹیوں کے قوس قزع کا حصہ رہی تھی اور آٹھ لوک سبھا نشستوں پر انتخابی مقابلہ کیا تھا اور دھرماپوری حلقہ سے کامیاب بھی ہوئی تھی اور بی جے پی بھی وہی سات حلقوں سے انتخابات میں حصہ لیکر کنیا کماری نشست جیت لی تھی۔ اس مفاہمت پر اپوزیشن ڈی ایم کے اور کانگریس نے ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ پی ایم کے بانی ایس رام داس نے اس مفاہمت کو عوامی بھلائی اور ایک عظیم تر اتحاد کا حصہ ظاہر کیا ہے جس کا مقصد جیت ہے۔ رام داس نے کہا کہ وہ اس مفاہمت کیلئے ایک 10 پوائنٹس مطالباتی منشور کو پیش کیا ہے۔