آئندہ مالیاتی سال سے کسانوں کے قرض کی معافی

   


جن کے پاس اراضی ہے انہیں مکان تعمیر کرنے فنڈز فراہم کرنے کا منصوبہ : ہریش راؤ

حیدرآباد : ریاستی وزیرفینانس ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ آئندہ مالیاتی سال سے کسانوں کے تمام قرضہ جات معاف کئے جائیں گے۔ ضلع میدک کے شنکرم پیٹ منڈل میں ریتو ویدیکا کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے وزیرفینانس نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر رکن اسمبلی پدمادیویندر ریڈی بھی موجود تھی۔ ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں تمام طبقات کے لئے کمیٹیاں ہیں مگر کسانوں کیلئے کوئی کمیٹی نہیں ہے۔ کسانوں کو مل بیٹھ کر اپنے مسائل پر تبادلہ خیال کرنے کیلئے چیف منسٹر نے ریتو ویدیکا تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تلنگانہ کی ٹی آر ایس حکومت کسانوں کی حامی حکومت ہے۔ بجٹ کا ایک تہائی حصہ زرعی ترقی۔ کسانوں کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جارہا ہے۔ ریاست میں پام آئیل کاشت کو توسیع دینے کیلئے حکومت سبسیڈی فراہم کررہی ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ضلع میدک میں 94 کروڑ روپئے کے مصارف سے 1888 کسانوں کو انشورنس فراہم کیا جارہا ہے۔ کسان بندھو اسکیم کے تحت ضلع میدک کے کسانوں کو 190 کروڑ روپئے کی مدد کی گئی ہے۔ اس طرح ساری ریاست میں کسانوں کو 7200 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ وزیر نے کہا کہ بہت جلد کالیشورم پراجکٹ کے ذریعہ ضلع میدک کو پانی سربراہ کیا جائے گا۔ آئندہ مالیاتی سال سے جن کے پاس مکانات تعمیر کرنے کیلئے ذاتی اراضی ہے تو حکومت مکانات کی تعمیر کیلئے فنڈز فراہم کرے گی۔