تلنگانہ راشٹرا سمیتی کو لوک سبھا انتخابی نتائج کے بعد مزید ارکان کی شمولیت کا یقین ۔ ارکان کو خریدنے کا الزام مسترد
حیدرآباد۔23اپریل(سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹر سمیتی میں کانگریس ارکان اسمبلی کی شمولیت کے اعلانات کے بعد اب پارٹی ذرائع دعوی کرنے لگے ہیں کہ آئندہ ماہ تک کانگریس میںصرف دو ارکان اسمبلی رہ جائیں گے۔ ٹی آر ایس ذرائع کا کہناہے کہ لوک سبھا عام انتخابات کے نتائج سے قبل جس طرح کانگریس ارکان ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ تلنگانہ اسمبلی میں کانگریس کے صرف دو ارکان باقی رہ جائیں گے اور 17ارکان تلنگانہ راشٹر سمیتی میں شمولیت اختیار کرلیں گے ۔ بتایاجاتا ہے کہ تلنگانہ راشٹر سمیتی کو یقین ہے کہ لوک سبھا انتخابات کے نتائج کے بعد مزید ارکان اسمبلی ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کریں گے ۔ تلنگانہ راشٹر سمیتی نے کانگریس کی جانب سے ارکان اسمبلی کو خریدنے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس اپنے ہی ارکان اسمبلی کو بکاؤ مال قرار دیتے ہوئے اپنے فیصلہ کی توہین کر رہی ہے۔ ٹی آر ایس نے گذشتہ اسمبلی انتخابات کے دوران نشستوں کے حصول کے سلسلہ میں جو نشانہ مقرر کیا تھا اس میں ٹی آر ایس کو بڑی حد تک کامیابی حاصل ہوئی ہے اور پارٹی قیادت لوک سبھا کے انتخابی نتائج کے متعلق پر امید ہے اور ابھی سے کوش کی جانے لگی ہے کہ ریاست میں ادارہ جات مقامی کے انتخابات میں 100 فیصد ضلع پریشد صدورنشین کے عہدوں پر کامیابی حاصل کی جائے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے ریاست میں بغیر اپوزیشن کے ایوان چلانے کے لئے تیار کی گئی حکمت عملی کے متعلق تلنگانہ راشٹر سمیتی قائدین کا کہناہے کہ کانگریس کے ٹکٹ پر منتخب ہونے کے بعد ٹی آر ایس میں ارکان اسمبلی کی شمولیت اس بات کا اشارہ دے رہی ہے کہ ریاست کے عوام کے دلوں میں کے سی آر کی حکمرانی ہے۔کانگریس اراکین اسمبلی کی تلنگانہ راشٹر سمیتی میں شمولیت کو روکنے کے لئے کانگریس قیادت کی ناکامی کے سلسلہ میں کہا جار ہاہے کہ کانگریس ارکان اسمبلی کو اب بھی اپنی جماعت کی قیادت پر اعتماد نہیں ہے جبکہ تلنگانہ راشٹرسمیتی قائدین کا کہناہے کہ ٹی آر ایس قیادت پر پارٹی کارکنوں اور قائدین کو مکمل بھروسہ ہے اور چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست کی مجموعی ترقی کے منصوبہ کو عملی جامہ پہناتے ہوئے نہ صرف ریاست کے عوام بلکہ اپوزیشن جماعتوں کے ارکان اسمبلی کو بھی بے حد متاثر کیا ہے جس کے نتیجہ میں کانگریس ارکان اسمبلی ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں ۔تلنگانہ راشٹر سمیتی کی جانب سے کانگریس ارکان اسمبلی کو پارٹی میں شامل کئے جانے کے بعد ٹی آر ایس میں ان ارکان اسمبلی سے گذشتہ اسمبلی انتخابات میں شکست کھانے والے تلنگانہ راشٹر سمیتی امیدوار اپنے سیاسی مستقبل کے متعلق فکر مند ہوتے جا رہے ہیں۔
