آئندہ ماہ حکومت تلنگانہ کا کابینی اجلاس

   

Ferty9 Clinic

محکمہ مال کے نئے قوانین پر آرڈیننس کی منظوری دینے کی تیاری
حیدرآباد۔27جون(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ آئندہ ماہ کے اوائل میں کابینہ کا اجلاس منعقد کرتے ہوئے ریاست میں نئے محکمہ مال کے قوانین کے سلسلہ میں آرڈیننس جاری کرے گی۔ کے مطابق چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آئندہ ماہ کے کابینہ اجلاس میں اس آرڈیننس کو منظور کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ حکومت کی جانب سے آرڈیننس کی راہ اختیار کرتے ہوئے نئے محکمہ مال کے قوانین کو نافذ کیاجائے گا اور بعد ازاں ان قوانین کو دونوں ایوانوں میں منظور کروانے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے آئندہ ماہ کے اوائل میں ہی کابینہ کا اجلاس منعقد کرتے ہوئے محکمہ مال اور محکمہ بلدی نظم ونسق کے قوانین کو منظور کرتے ہوئے آرڈیننس جاری کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر تلنگانہ نے ریاستی اسمبلی انتخابات کی انتخابی مہم کے دوران ریاست کے عوام سے اس بات کا وعدہ کیا تھا کہ ریاست تلنگانہ میں محکمہ مال کی خدمات کو شفاف اور بدعنوانیوں سے پاک بنانے کے سلسلہ میں اقدامات کئے جائیں گے اور انہوں نے پارلیمانی انتخابات کی انتخابی مہم کے دوران جولائی 2019 سے قبل نئے بلدی اور محکمہ مال کے قوانین کو روشناس کرواتے ہوئے نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن متعلقہ محکمہ جات کی مخالفت کے سبب حکومت پس و پیش کا شکار تھی لیکن اب کہا جا رہاہے کہ حکومت نے ان قوانین کے نفاذ کیلئے آرڈیننس کی راہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور آئندہ ماہ نئے ریونیو ایکٹ کو روشناس کروایا جائے گا اور ایکٹ کے نفاذ کے ساتھ ساتھ اسے ریاست کے دونوں ایوانوں میں منظور کروایا جائے گا۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق آئندہ اسمبلی کے اجلاس میں اس آرڈیننس کو قانون کی شکل دینے کے لئے بل پیش کئے جانے کا بھی امکان ہے۔