جھانسی : اتر پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ نے آج بہادر شہر جھانسی میں کہا کہ 2023 کے پانچ ریاستوں کے انتخابات سیمی فائنل ہیں اور فائنل 2024 میں ہے ۔ سیمی فائنل میں پانچ میں سے چار ریاستوں میں کنول کھلتا ہوا نظر آ رہا ہے ۔ یہاں سرکٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ عوام نے تیسری بار مودی حکومت کے بارے میں اپنا ذہن بنا لیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2023 کے انتخابات سیمی فائنل ہیں اور فائنل 2024 میں ہے جس کیلئے اتر پردیش پہلے سے ہی تیاری کر رہا ہے ۔ اس وقت پانچ ریاستوں میں انتخابات ہیں اور 3 دسمبر کو پانچ میں سے چار ریاستوں میں کنول کھلتا نظر آرہا ہے ۔ بہار کے وزیراعلی نتیش کمار کے بیان سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس بیان کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ نتیش کمار کی حمایت پر ڈمپل یادو کے ردعمل کے بارے میں پوچھے جانے پر موریہ نے کہا کہ جو بھی ایسے قابل مذمت بیان کی حمایت کر رہا ہے وہ ہندوستانی ثقافت کا خیال نہیں کر رہا ہے ۔ملک میں جنسی تعلیم کو لازمی قرار دینے سے متعلق یادو کے بیان پر نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سال 2047 کے بعد جب انہیں اقتدار میں آنے کا موقع ملے گا تو انہیں جو بھی کرنا ہے وہ کر سکتی ہیں فی الحال 2047 تک ملک میں مودی حکومت ہے ۔
