آئندہ ماہ ڈینگو مریضوں میں اضافہ کا اندیشہ

   

ڈاکٹرس کو چوکس رہنے کی ضرورت‘عوام کواحتیاط کا مشورہ

حیدرآباد۔6اکٹوبر(سیاست نیوز) ڈینگو کے مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹرس اور دواخانوں کے لئے آئندہ ماہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اسی لئے ڈاکٹرس اور دواخانوں کے انتظامیہ کو متحرک و چوکس رہنے کے اقدامات کرنے چاہئے ۔ ماہرین طب کا کہناہے کہ جاریہ ماہ کے وسط اور اواخر میں بارش کی پیش قیاسی اور سال گذشتہ کے دوران ہونے والی بارشوں کو نظر میں رکھتے ہوئے یہ کہا جا رہاہے کہ آئندہ ماہ کے دوران ڈینگو کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا ۔ ماہر اطفال ڈاکٹر ایم کرونا نے کل میڈیا کے نمائندوںسے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کو سرکاری دواخانو ںکی سہولتوں میں اضافہ کے اقدامات کے ساتھ ان دواخانوں میں صفائی کے انتظامات کو بہتر بنا نے کی ضرورت ہے تاکہ شہر حیدرآباد یا ریاست کے دیگر اضلاع میں آئندہ ماہ ڈینگو کے مریضوں میں ہونے والے امکانی اضافہ پر قابو پانے کے اقدامات کئے جاسکیں۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری دواخانوںمیں ماہر اطفال کی خدمات کو بہتر بنانے اور ان کی تعداد میں اضافہ کرنے کے علاوہ ڈینگو کے مریضوں کے معائنہ کے خصوصی انتظامات کے ساتھ دواخانوں میں صفائی کے انتظامات کو بہتر بنایا جانا ناگزیر ہے کیونکہ ڈینگو کی بنیادی وجہ مچھر ہیں اور مچھروں کی افزائش کے مقامات پر ادویات کے چھڑکاؤ کے ساتھ ان کی صفائی کے ذریعہ ڈینگو کو پھیلنے سے روکنے میں کافی مدد مل سکتی ہے۔ ماہرین اطفال کا کہنا ہے کہ ڈینگو کے علاج کیلئے لازمی ہے کہ اس کے پروٹوکول تیار کئے جائیں اور مختلف دواخانوں میں مختلف زمروں کے مریضوں کے علاج کے اقدامات کئے جائیں تاکہ مریض کو بہتر نگہداشت فراہم کی جاسکے۔ دونوں شہرو ںحیدرآبادو سکندرآباد میں ڈینگو کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کے سبب سرکاری اور خانگی دواخانوں میں مریضوں کا ہجوم نظر آنے لگا ہے اور کہا جا رہاہے کہ شہر حیدرآباد کے کئی علاقو ںمیں مچھروں کی کثرت کے سبب ڈینگو کے متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ عوام کو بھی احتیاط کا مشورہ دیا گیا ہے۔ م