آئندہ پانچ سال تک عوام کے درمیان رہنے کا تیقن

   

ملک پیٹ کانگریس امیدوار شیخ اکبر کی عوام سے ملاقات
حیدرآباد۔17۔نومبر(سیاست نیوز) جناب شیخ اکبر کانگریس امیدوار حلقہ اسمبلی ملک پیٹ نے آج بعد نماز جمعہ عوام سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔ انہوں نے عوام سے ملاقات کے دوران رائے دہندوں کی جانب سے کئے جانے والے استفسارات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ 5 برسوں کے دوران عوام کے درمیان رہیں گے ۔انہوں نے رائے دہندوں سے ملاقات پروگرام کے دوران کہا کہ جو لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ وہ عوامی زندگی میں نہیں ہیں انہیں اس بات کا علم ہونا چاہئے کہ جو محنت کرتے ہیں اور تجارت کرتے ہیںوہ دراصل عوامی زندگی میں ہی ہوتے ہیں۔ انہو ںنے بتایا کہ حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کے عوام نے جنہیں 15 سال موقع دیا ہے وہ محض انتخابات سے قبل عوام کے درمیان آتے ہیں اور اس کے بعد عوام کو ان کے حال پر چھوڑ دیا جاتا ہے ۔ انہوں نے علاقہ میں جاری ترقیاتی کاموں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر شہر کے دیگر حلقہ جات اسمبلی جہاں مجلس کے ارکان اسمبلی نہیں ہیں ان علاقوں اور مجلسی ارکان اسمبلی کے علاقوں میں ہونے والے کاموں کی رفتار کا مشاہدہ کیا جائے تو پتہ چلے گا کہ ان حلقہ جات اسمبلی میں کس قدرسست رفتاری کے ساتھ کام ہوتے ہیں جن علاقوں کی نمائندگی مجلس کرتی ہے۔ جناب شیخ اکبر نے کہا کہ اگر انہیں منتخب کیا جاتا ہے تو وہ ایسی صورت میں حلقہ اسمبلی کے ہر ڈویژن میں روزانہ ایک دن عوام کے مسائل سے آگہی حاصل کریں گے اور عوام کو ان کے لئے کسی دفتر کے چکر کاٹنے نہیں پڑیں گے۔ انہو ںنے حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کو نظرانداز کئے جانے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد سے مجلس برسراقتدار جماعت کی حلیف ہے لیکن اس کے باوجود حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کی ترقی کے لئے کوئی مؤثر اقدامات نہیں کئے گئے جو کہ افسوسناک ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں کانگریس کا اقتدار اور حلقہ اسمبلی ملک پیٹ سے کانگریس رکن اسمبلی کا انتخاب ملک پیٹ کی دوہری ترقی کا ضامن ثابت ہوگا۔ انہو ںنے کانگریس کے اقلیتی اعلامیہ کے متعلق عوام کو واقف کرواتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی اقتدار میں آنے کی صورت میں کانگریس نے جو وعدہ کئے ہیں ان میں اقلیتی طبقہ کی لڑکیوں کی شادی پر انہیں 1 لاکھ 60ہزار روپیہ بطور تحفہ پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔