آئندہ پانچ سال میں کئی تبدیلیاں آئیں گی

   

Ferty9 Clinic

مرکزی منسٹر آف اسٹیٹ داخلہ جی کشن ریڈی کا خطاب
حیدرآباد 20 جولائی ( پی ٹی آئی ) مرکزی حکومت ملک کو مختلف شعبہ جات میں طاقتور بنانے کیلئے کام کر رہی ہے اور کئی تبدیلیاں آئندہ پانچ سال کے دوران لائی جائیں گی ۔ منسٹر آف اسٹیٹ برائے داخلہ جی کشن ریڈی نے یہ بات کہی ۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے حکومت کی جانب سے اس سلسلہ میں کئی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کیشو میموریل ایجوکیشنل سوسائیٹی کے 79 ویں یوم تاسیس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ آئندہ پانچ سال میںک ئی تبدیلیاں آئیں گی۔ ہم کو امید ہے کہ ہم معاشی طور پر ایک طاقتور قوم بن جائیں گے ۔ تمام شعبہ جات میں چاہے وہ برقی کا شعبہ ہو یا میک ان انڈیا کا ہو ہم آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں سب سے زیادہ نوجوان آبادی ہندوستان میں ہے ۔ اگر ان نوجوانوں کو تعلیم دی جائے اور ان کی توانائیوں کو صحیح سمت میں موڑا جائے تو پھر ملک طاقتور بن کر ابھر سکتا ہے ۔ یہ واضح کرتے ہوئے کہ ہندوستان سافٹ ویر ‘ میڈیکل ‘ فارما اور دوسرے شعبہ جات میں اول نمبر پر ہے انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ملک میں ریسرچ کو فروغ دیا جائے جبکہ موجودہ تدریسی اور تعلیمی طریقہ کار کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں اور اساتذہ کا ملک کو مستحکم بنانے میں اہم رول ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے سابق اسرو صدر نشین کستوری رنجن کی جانب سے پیش کردہ پالیسی کے مسودہ پر مشاورت کا عمل جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہندوستان اور خاص طور پر تلگو ریاستوں کے نوجوانوں کی کثیر تعداد بیرونی ممالک میں برسر روزگار ہے لیکن ہمیں اپنے ہی ملک میں بہترین انفرا اسٹرکچر تیار کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ان کی خدمات سے یہاں استفادہ کیا جاسکے۔