آئندہ پانچ یوم تک ملک کی کئی ریاستوں میں موسلا دھار بارش

   

تلنگانہ کے بشمول مہاراشٹرا ، گجرات ، جموں و کشمیر ، کیرالا اور کرناٹک کی صورتحال خطرناک ہوسکتی ہے : ہندوستانی محکمہ موسمیات
حیدرآباد۔21جولائی (سیاست نیوز) ہندستانی محکمہ موسمیات نے ملک بھر کی کئی ریاستوں میں آئندہ 5یوم تک موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کرتے ہوئے کہا کہ 25جولائی تک موسمی صورتحال میں تبدیلی رونما ہونے کے امکانات نہیں ہیں۔محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی میں کہا گیا ہے کہ مہاراشٹرا‘ گجرات‘ جموں و کشمیر ‘ لداخ کے علاوہ کیرالہ ‘ کرناٹک‘ تلنگانہ اور آندھراپردیش میں آئندہ 5یوم تک موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کرتے ہوئے کہا کہ ہماچل پردیش میں جاری بارش کا سلسلہ بھی مزید تین یوم جاری رہنے کا امکان ہے۔اس کے علاوہ اوڈیشہ ‘ مغربی بنگال ‘ سکم اور انڈمان نکوبار میں بھی آئندہ 48گھنٹوں کے دوران بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق تریپورہ ‘ میزورم ‘ ناگالینڈ‘ منی پور‘ اروناچل پردیش ‘ آسام اور میگھالیہ میں آئندہ 5یوم کے دوران ہلکی اور معمول کے مطابق بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ تلنگانہ میں جاری بارش کے سلسلہ میں محکمہ موسمیات نے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ دویوم کے دوران بارش کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا اور تلنگانہ کے بیشتر تمام اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں جمعہ کی صبح کی اولین ساعتوں سے ہی بارش کا سلسلہ بند رہا اور شام تک بھی مطلع ابرآلود ہونے کے باوجود بارش نہ ہونے کے سبب شہریوں نے کسی قدر راحت کی سانس لی ۔ شمالی ریاست تلنگانہ کے اضلاع میں آج بھی موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری رہا ہے اور سدی پیٹ‘ سنگاریڈی ‘ میدک ‘ ظہیر آباد ‘ میڑچل کے علاوہ کاماریڈی میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہنے کے سبب عام زندگی مفلوج ہوگئی ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے بارش کی پیش قیاسی کے پیش نظر جی ایچ ایم سی حدود میں تعطیل کا اعلان کرنے کے باوجود کئی علاقوں میں ٹریفک جام کے مسائل کا سامنا رہا اور کئی کارپوریٹ اداروں نے گھروں سے کام کرنے کے لئے 50 فیصد عملہ کو اجازت فراہم کی جبکہ مابقی 50 فیصد عملہ کو دفتر طلب کیا گیا ۔ سرکاری ادارے مکمل طو رپر بند رہے جبکہ بعض خانگی بینکوں نے بھی حکومت کی جانب سے کئے گئے اعلان کے مطابق آج کام کاج کرنے سے گریز کیا ۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے تعلیمی اداروں کے لئے خصوصی احکام کی اجرائی کے ذریعہ خانگی تعلیمی اداروں اور کالجس کو انتباہ دیا گیا کہ اگر کالج یا اسکول چلائے جانے کی شکایات موصول ہوتی ہیں تو ایسی صورت میں ان پر 50 ہزار روپئے تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں ذخائر آب میں تیز رفتار کے ساتھ پانی جمع ہونے لگا ہے اور محکمہ آبپاشی کے عہدیداروںاور محکمہ مال کے علاوہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے ذخائر آب کی صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے تحت خدمات انجام دینے والے ادارہ انفورسمنٹ ویجلنس ‘ ڈساسٹر مینجمنٹ کے ذمہ داروں نے بتایا کہ گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران درخت گرنے ‘ پانی جمع ہوجانے کے علاوہ برقی کھمبوں کے گرنے کی جملہ 250 شکایات موصول ہوئی اور شعبہ ای وی ڈی ایم کے عملہ نے تمام شکایات کی فوری طور پر یکسوئی کرنے کے اقدامات کرتے ہوئے گرے ہوئے درختوں اور برقی تاروں کے علاوہ کھمبوں کو ہٹانے کے اقدامات کئے جبکہ ایمرجنسی عملہ نے عصری سہولتوں کا استعمال کرتے ہوئے سڑکوں پر جمع پانی کے اخراج کے اقدامات کو یقینی بناتے ہوئے شہریوں کو ہونے والی مشکلات کو دور کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔جمعہ کے دن صبح کے اوقات میں کوکٹ پلی ‘ لنگم پلی‘ میاں پور‘ ابراہیم پٹنم‘ اور دیگر علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جس کے اثرات بوئن پلی ‘ بالانگر اور دیگر علاقوں تک دیکھے گئے ۔ حکومت کی جانب سے فراہم کی گئی تفصیلات کے مطابق بھدادری کتہ گوڑم میں بارش کا سلسلہ جاری ہے اور گوداوری سے پانی کے اخراج کے نتیجہ میں پیدا شدہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے حکومت نے نشیبی علاقوں میں رہنے والوں کو چوکس اور مستعد رہنے کی تاکید کی ہے۔حمایت ساگر اور عثمان ساگر میں جمع ہونے والے پانی اور اس کے اخراج پر بھی خصوصی نظر رکھی جارہی ہے اور رود موسی کے کناروں پر بسنے والوں کو فوری طور پر تخلیہ کرتے ہوئے محفوظ مقامات کو منتقل ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔ضلع ورنگل ‘ ہنمکنڈہ کے علاوہ آصف آباد میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے اور ان بارش کے سبب تالاب لبریز ہونے لگے ہیں ۔محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں کو ضلع انتظامیہ نے تالابوں کے پشتوں کی حالت اور ان کے کمزور ہونے کے سبب پیش آنے والے امکانی حادثات سے محفوظ رکھنے کے لئے فوری طور پر اقدامات کی ہدایات جاری کی ہیں۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں کسی بھی طرح کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے NDRFکے 40ارکان پر مشتمل ٹیم کو چوکس رکھنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں اور ای وی ڈی ایم کے عملہ کو بھی ان کے ساتھ رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی طرح کی ہنگامی صورتحال میں دونوں ٹیموں کی جانب سے مشترکہ آپریشن کو یقینی بنایا جاسکے۔اس کے علاوہ NDRFکی اس ٹیم کو ضرورت پڑنے پر ورنگل ‘ ملگ اور کتہ گوڑم روانہ کرنے کے اقدامات بھی کئے جائیں گے۔محبوب نگر‘ ونپرتی ‘ شاد نگر کے علاوہ دیگر علاقوں میں بھی آج دن بھر ہلکی اور تیز بارش کے علاوہ بوندا باندی ریکارڈ کی گئی جبکہ دن بھر مطلع ابرآلود رہا اور سیاہ بادل منڈلا رہے تھے جس کی وجہ سے شہریوں نے گھروں میں رہنے کو ترجیح دی۔م