پانچ اضلاع میں محکمہ موسمیات سے ریڈالرٹ جاری ، چیف سکریٹری کی عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد۔19جولائی (سیاست نیوز) ریاست کے 5اضلاع کیلئے محکمہ موسمیات کی جانب سے ریڈ الرٹ جاری کئے جانے کے بعد چیف سیکریٹری حکومت تلنگانہ محترمہ شانتی کماری نے ضلعی عہدیداروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کنٹرول روم قائم کرنے اور جانی نقصان سے محفوظ رہنے کے علاوہ کم سے کم مالی نقصان کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ دو یوم سے تلنگانہ کے بیشتر تمام اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری ہے اور آئندہ4 یوم کے دوران مزید تیز بارش کے امکانات ظاہر کئے گئے ہیں۔ریاست تلنگانہ کے اضلاع کھمم‘ محبوب آباد‘ ورنگل ‘ ہنمکنڈہ کے علاوہ جنگاؤں کے محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ ریڈ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ دوشنبہ کی شب سے جاری بارش کا سلسلہ آئندہ دو یوم جاری رہنے کا امکان ہے ۔ ریاست تلنگانہ کے کئی اضلاع میں جاری بارش کی وجہ سے اضلاع میں سڑکیں سیلاب کا منظر پیش کر رہی ہیں جبکہ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں پیر کی رات دیرگئے شروع ہوئی بارش کا سلسلہ اب بھی جاری ہے لیکن ہلکی اور تیز بارشوں کی وجہ سے پانی جمع ہونے اور نکاسی کے مسائل کا سامنا نہیں ہے۔ گذشتہ شب بھی رات 11 بجے کے بعد تیز رفتار بارش کے نتیجہ میں کئی سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا لیکن مسلسل بارش کے سبب سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کی وجہ سے کوئی مسائل پیدا نہیں ہوئے۔ ریاست تلنگانہ کے بیشتر ذخائر آب کے لبریز ہونے کے بعد محکمہ آبپاشی کی جانب سے میدی گڈہ بیاریج سے پانی کی نکاسی کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست تلنگانہ کے اضلاع وقار آباد‘ یدادری بھونگیری‘ ملوگو‘ نظام آباد‘ عادل آباد کاماریڈی میں مسلسل ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ کے سبب جاری بارشوں کے سلسلہ کے متعلق کہا جار ہاہے کہ ریاست میں آئندہ دو یوم کے دوران بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور آئندہ 48گھنٹوں میں شہر حیدرآباد وسکندرآباد میں تیز موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔ دونوں شہروں میں ہلکی بارشوں کے سبب موسم خوشگوار ہوچکا ہے ۔خانگی ماہرین موسمیات کے مطابق حیدرآباد‘ رنگاریڈی ‘ سرسلہ ‘ کاماریڈی ‘ میڑچل‘ سنگاریڈی ‘ سوریہ پیٹ کے علاوہ نلگنڈہ کے بعض علاقوں میں موسلادھار بارشیں ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے۔ناگر کرنول ‘ ونپرتی ‘ گدوال‘ محبوب نگر اور نارائن پیٹ کے علاوہ دیگر مقامات پر ہلکی اور تیز بارش یا بونداباندی کا سلسلہ جاری رہنے کے امکانات ظاہر کئے جارہے ہیں۔جگتیال ‘ کریم نگر ‘ سرسلہ اور کاماریڈی میں آج بھی مسلسل موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا۔دونوں شہروں میں جاری مسلسل بارشوں کے نتیجہ میں شہر کے بعض علاقوں میں سڑکیں خستہ ہوچکی ہیں اور جن علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر کا کام جاری ہے ان علاقوں میں سڑکیں ناقابل استعمال ہوتی جا رہی ہیں۔ بہادر پورہ سے آرام گھر جانے والی سڑک اور آرام گھر سے بہادر پورہ آنے والی سڑک پر فلائی اوور برج کے کاموں کے نتیجہ میں سڑک کی حالت انتہائی خستہ ہوچکی ہے اور اب جبکہ مسلسل بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ایسے میں اس سڑک پر کھڈ اور کیچڑ کی وجہ سے موٹر سیکل سوار حادثات کا شکار ہونے لگے ہیں۔اس کے علاوہ سعید آباد سے سنتوش نگر جانے والی سڑک پر بھی جہاں فلائی اوور برج کا کام بند ہونے کے باوجود سڑک کی حالت انتہائی خستہ ہوچکی ہے اس سڑک سے گذرنے والوں کو بھی کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ریاست بھر میں جاری بارش کے سبب چیف سیکریٹری کی جانب سے ضلعی عہدیداروں کو جاری ہدایا ت کے مطابق مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے بھی شہر میں کسی بھی طرح کے حادثات کے تدارک کے لئے ایمرجنسی ریسپانس ٹیم کی تشکیل عمل میں لاتے ہوئے نمبرات جاری کردیئے گئے ہیں۔م