آئندہ ہفتہ خشک رہے گاریاست میں مانسون بریک

   

حیدرآباد 10 ستمبر ( سیاست نیوز ) شہر میں لگاتار اور موسلادھار بارش کے بعد اب بالآخر موسم خشک ہونے کا امکان ہے ۔ شہر کی سڑکوں اور گلیوں میں پانی دکھائی نہیں دے رہا ہے اور سورج بھی چمک کے ساتھ نکلنے لگا ہے ۔ کہا جا رہا ہے کہ شہر کا موسم کچھ وقت کیلئے خشک رہے گا کیونکہ مانسون کمزور پڑ گیا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے بموجب آئندہ ہفتے تک عوام کو بارش سے راحت رہے گی اور موسلادھار بارش کم ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔ محکمہ نے کہا کہ حالیہ ہوا کے دباؤ میں کمی کی جو صورتحال تھی وہ اب چھتیس گڑھ کی سمت پیشرفت کرچکی ہے جس سے تلنگانہ کو راحت کی امید ہے ۔ 10 تا 17 ستمبر ریاست میں کم بارش کا امکان ہے جبکہ شہر اور ریاست میں یکا دوکا مقامات پر ہلکی بارش ہوسکتی ہے ۔ محکمہ موسمیات سے بارش کیلئے کوئی الرٹ جاری نہیں کیا گیا ہے ۔ حالانکہ مانسون بریک کا امکان ہے لیکن محکمہ نے کہا کہ 18 ستمبر سے ایک بار پھر شدید بارشوں کا سلسلہ شروع ہوسکتا ہے ۔ تلنگانہ میں جاریہ مانسون سیزن میں 896.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ یہ بارش گذشتہ سال سے 42 فیصد اضافی ہوگی جبکہ سال گذشتہ اس وقت تک 631.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی ۔