اپریل کے بعد نئی ملازمتوں کیلئے نوٹیفکیشن کی اجرائی : ڈی وینکٹیشم
حیدرآباد۔ 8 جنوری (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن ڈی وینکٹیشم نے کہا کہ کمیشن کے ذریعہ بڑے پیمانے پر سرکاری ملازمتوں میں تقررات کیلئے اپریل 2025ء کے بعد نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔31 مارچ 2025ء سے قبل زیرالتواء تمام نوٹیفکیشنس کے نتائج جاری کردیئے جائیں گے۔ جو امتحانات کے نتائج جاری کرنے کیلئے تیار ہیں پہلے انہیں جاری کردیا جائے گا۔ ماضی کی طرح نتائج کے اجراء میں تاخیر نہیں کی جائے گی۔ آئندہ ہفتہ یادس دن میں گروپ I، II، III کے نتائج جاری کئے جائیں گے۔ صدرنشین تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن نے کہا کہ نصاب کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔ گروپ III کیلئے 3، 4 پیپرس کی ضرورت نہیں ہے۔ یو پی ایس سی اسٹاف سلیکشن کمیشن کے فارمیٹ میں آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو پی ایس سی ہر سال 5,000 جائیدادوں پر تقررات کرتا ہے۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن بھی ملازمتوں کو دیکھتے ہوئے چند کمپیوٹر بیسڈ اور چند مینول امتحانات کا انعقاد کرنے پر عمل کررہا ہے۔ آئندہ سے پرچہ سوالات نظام کو تبدیل کیا جائے گا۔ ابتداء میں کوئسچین بینک تیار کرتے ہوئے اس سے پرچہ سوالات تیار کیا جائے گا۔ ہر سبجیکٹ میں 5 تا 10 ہزار بٹس حاصل کرتے ہوئے تیاری کی جائے گی۔ 31 مارچ سے قبل مخلوعہ جائیدادوں کی فہرست حکومت سے حاصل ہوگی۔ اپریل میں اس کا جائزہ لیتے ہوئے یکم مئی سے نوٹیفکیشن کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔ مخلوعہ جائیدادوں کی فہرست دینے کیلئے حکومت کو مکتوب روانہ کیا جائے گا۔ بی وینکٹیشم نے کہا کہ آئندہ سے انٹرویو پر مشتمل جائیدادوں کیلئے سال میں انٹرویو کے بغیر جائیدادوں کیلئے 6 تا 8 مہینے کے درمیان پروسیس مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے بیروزگار نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن پر شکوک و شبہات کو ختم کریں اور مکمل طور پر بھروسہ رکھیں۔ تقررات کو بے قاعدگیوں سے پاک بنانے کیلئے کمیشن کی جانب سے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ 2