آئندہ ہفتے بھی گرمی کی شدت برقرار رہنے کے اندیشے

   

حیدرآباد۔18۔جون(سیاست نیوز) تلنگانہ میں آئندہ ہفتہ بھی گرما کا شدت جاری رہے گی اور نمایاں تبدیلی کے آثار نہیں ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مشرقی و جنوبی تلنگانہ میں مانسون کی آمد کی پیش قیاسی ہے لیکن یہ واضح کردیا گیا کہ ان میں مانسون سرگرم نہیں ہوگا لیکن 21 جون کو مطلع ابرآلود ہونے کے سبب ہلکی بوندا باندی یا بارش کا امکان ہے۔ تلنگانہ میں مانسون کی آمد میں تاخیر پر محکمہ موسمیات سے پیش قیاسی کی جاچکی ہے لیکن آئندہ ہفتہ تین یوم مانسون کے اثرات دیکھے جائیں گے لیکن موسلادھار بارش یا مانسون سرگرم ہونے کا امکان نہیں ہے۔خانگی ماہرین کے مطابق گذشتہ 10 سالوں میں پہلی مرتبہ جون کے دوسرے ہفتہ میں شہر میں درجہ حرارت 40 سے زیادہ ہے اور آئندہ ہفتہ بھی گرم ہواؤں اور درجہ حرارت میں اضافہ جاری رہیگا۔ ذرائع کے مطابق سرحدی اضلاع میں گرمی کی شدت کے سبب سڑکوں پر ٹریفک کم ہے اور شہر میں بھی تفریحی و سیاحتی مقامات پر عوام کی تعداد میں کم ہی ہے ۔ اگر گرمی کی شدت برقرار رہے تو شہریوں کی صحت پر منفی اثرات کا خدشہ ہے اسی لئے شہریوں کو زیادہ پانی کے استعمال کے علاوہ شدید دھوپ میں گھروں سے نکلنے سے اجتناب کرنا چاہئے ۔