نئی دہلی: ٹماٹرکی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے درمیان جو ملک بھر میں عام آدمی کی جیب پر بھاری بوجھ عائد کر رہی ہے، حکومت نے جمعہ کو کہا کہ اگلے 15 دنوں کے اندر اجناس کی قیمتیں مستحکم ہونے کی امید ہے۔ امور صارفین کی وزارت کے سکریٹری روہت کمار سنگھ نے کہا کہ سرمور اور سولن سے فصلیں آنے کے بعد قیمتیں گرنا شروع ہو جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ جب ہماچل پردیش سے فصلیں آئیں گی تو دہلی میں ٹماٹر کی قیمتیں نیچے آنا شروع ہو جائیں گی۔ سیکرٹری نے مزید کہا کہ اگست تک ٹماٹر کی قیمتیں مکمل طور پر مستحکم ہونے کی امید ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سال کے اس وقت ٹماٹرکی قیمتیں ہمیشہ بڑھ جاتی ہیں۔ اس سال خراب موسمی حالات اور سپلائی کے مسائل کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ سنگھ نے کہا کہ ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں شدید بارش نے ٹماٹرکی فصل کو متاثرکیا ہے۔ صارفین کے امور کے محکمے کے سرکاری اعداد و شمارکے مطابق، دہلی میں ٹماٹرکی خوردہ قیمت 60 سے 70 روپے فی کلو کے لگ بھگ تھی، جب کہ اتر پردیش جیسی ریاستوں میں، یہ 120 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہیں۔ سیکرٹری نے مزید بتایاکہ حکومت نے آج سے ٹماٹرکا گرینڈ چیلنج بھی شروع کیا ہے، جہاں اس نے ٹماٹروں کے تحفظ اور ذخیرہ کو بہتر بنانے اور سال بھر اس کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے لوگوں سے خیالات طلب کئے ہیں۔